0
Monday 4 Jan 2010 12:45

میثاق جمہوریت پر عمل نہ کرنا ہماری سب سے بڑی غلطی ہے،وزیراعظم یوسف رضا گیلانی

میثاق جمہوریت پر عمل نہ کرنا ہماری سب سے بڑی غلطی ہے،وزیراعظم یوسف رضا گیلانی
اسلام آباد:وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ میثاق جمہوریت پر عمل نہ کرنا حکومت کی سب سے بڑی غلطی ہے۔اس پر پہلے روز ہی عملدرآمد ہو جانا چاہئے تھا۔حکومت نے ڈیڑھ سال کے عرصہ میں سیاسی محاذ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ کو عوامی حمایت دلائی،دہشت گرد ناکامی کے بعد شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں،وزیراعظم نے یقین دلایا کہ میثاق جمہوریت پر عملدرآمد ہو گا۔ اس پر کام ہو رہا ہے۔صحافیوں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے این ایف سی ایوارڈ منظور کرا کے اہم کارنامہ انجام دیا۔دہشت گردی کیخلاف جنگ میں فوج کی قربانیاں لازوال ہیں۔شہداء فنڈ کیلئے تمام صوبوں کو 5،5 کروڑ روپے دئیے ہیں۔افغانستان میں دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ناکامی کی بنیادی وجہ وہاں عوامی حمایت کی کمی ہے۔ہم نے عوامی رائے عامہ کو ہموار کیا۔ عوام،فوج اور حکومت کے ساتھ ہے،احتساب اور انتقام میں معمولی فرق ہے۔میری خواہش ہے کہ پارلیمنٹ میں احتساب بل پر جلد پیشرفت ہو،ہمارے دور میں کسی کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا نہ کوئی جیل میں ہے۔گذشتہ حکومت نے پانچ سال میں 57 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کئے تھے،ہم نے ڈیڑھ سال میں 63 ارب روپے خرچ کئے ہیں۔اپوزیشن کو ترقیاتی رقم پہلے جبکہ حکومتی ارکان کو بعد میں دی۔فوج کے شہداء فنڈ میں 50 کروڑ روپے دئیے ہیں،دہشت گردی کیخلاف جنگ میں فوج کا استعمال مسئلے کا صرف 10 فیصد حل ہے۔کامیابی کا باقی انحصار سیاسی اور سماجی بنیادوں پر ہے۔دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کامیابی کے بعد دہشت گرد افغانستان اور اورکزئی بھاگ رہے ہیں،حکومت اور عسکری قیادت میں مکمل ہم آہنگی ہے۔پہلی بار میری وجہ سے پاکستان پیپلز پارٹی اور اسٹیبلشمنٹ میں بہت اچھے تعلقات ہیں اور کوئی اس حوالے سے غلط فہمی میں نہ رہے۔ قوم 17 ویں ترمیم، 58 (2) (بی) کے خاتمے اور تیسری بار وزیراعظم بننے پر پابندی کے حوالے سے جلد خوشخبری سنے گی۔مفاہمتی پالیسی کے تحت مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور دوسری جمہوری قوتوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔حکومت دہشت گردی کے خاتمے کا پختہ عزم کئے ہوئے ہے۔اس مقصد کے لئے ”تھری ڈیز“ (ڈائیلاگ،ڈویلپمنٹ اور ڈیٹرنس) پالیسی پر عملدرآمد کر رہے ہیں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی،ملکی معیشت کی سمت درست کر دی ہے۔ملک میں کوئی سیاسی قیدی نہیں،آئینی اصلاحات کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی تیزی سے کام کر رہی ہے اور وہ جلد اپنی سفارشات ایوان میں پیش کرے گی۔مالاکنڈ،جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں عسکریت پسندوں کے خلاف کامیاب فوجی آپریشن،آغاز حقوق بلوچستان پیکج،ساتویں متفقہ مالیاتی ایوارڈ پر دستخط،گلگت بلتستان میں خود اختیاری حکومت کا قیام اہم کامیابیاں ہیں،عوام نے پانچ سال کے لئے ہمیں منتخب کیا ہے،جمہوریت کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے۔
 الجزیرہ ٹی وی سے انٹرویو میں وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی انتہائی پیشہ ور سپاہی اور جمہوریت کے مضبوط حامی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے حکومت اور فوج کے درمیان اختلافات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ جہاں تک فوج کا تعلق ہے وہ موثر طریقے سے اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور ہمارے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔جنرل اشفاق پرویز کیانی نے پرویز مشرف کے دور میں بھی جمہوریت اور پارلیمانی طرز حکومت کی حمایت کی۔پاکستان دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں اپنی فتح کی جانب بڑھ رہا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کو اس جنگ میں عوام کی حمایت حاصل ہے اس لئے وہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے سدباب کیلئے اس موقع کا فائدہ اٹھائے گی۔دہشت گردی کو شکست دینا دنیا کے بہترین مفاد میں ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی جماعت یہ ہدف حاصل کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 17961
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش