0
Saturday 21 Jul 2012 19:22

رمضان المبارک1433 ھ کے آغاز پر علامہ سید ساجد علی نقوی کا پیغام

رمضان المبارک1433 ھ کے آغاز پر علامہ سید ساجد علی نقوی کا پیغام
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر و سربراہ شیعہ علماء کونسل علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کو جس سنگین صورت حال کا سامنا ہے اس کی اصلاح کا ایک ذریعہ تطہیر نفس ہے۔ اگر ماہ مبارک رمضان میں تطہیر نفس کے عمل کو خلوص اور محنت سے انجام دیا جائے تو آفاق کے در کھل سکتے ہیں اور رحمتوں کا نزول ہوسکتا ہے اور خدا کی مدد کا حصول یقینی ہوسکتا ہے۔ تطہیر نفس اور تزکیہ کے ذریعے جہاں ہم بیرونی مسائل کا مقابلہ آسانی سے کرسکتے ہیں وہاں اندرونی اختلافات، فروعی مسائل اور فرقہ وارانہ حالات بھی درست ہوسکتے ہیں اور ان مشکلات پر تطہیر نفس کے ذریعے قابو پایا جاسکتا ہے کیونکہ اگر رمضان المبارک کے دوران روحانی برکتوں سے استفادہ کیا جائے اور خدا کے ساتھ خلوص کے ساتھ لو لگائی جائے تو اعتدال پسندی، سنجیدگی اور متانت کے زیور ہمیں حاصل ہوسکتے ہیں جس سے اختلافات کی حدت او ر شدت میں کمی آسکتی ہے۔

ماہ مبارک رمضان 1433 ھ کے آغاز پر اپنے خصوصی پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہاکہ امت مسلمہ کے اندر بدامنی، ظلم و جور اور ناانصافی کا خاتمہ بھی تطہیر نفس سے ہی ممکن ہے۔ پوری امت مسلمہ اس ماہ مبارک میں روزے کا فریضہ انجام دیتی ہے۔ خدا کے سامنے سربسجود ہوتی ہے جس سے امت کے اندر ظلم سے دوری اور انصاف پر عمل کرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے حالانکہ امت کی اکثریت روزہ رکھتی ہے اگر یہ اکثریت روزے کے تمام تقاضے پورے کرے، روزے کے فیوض و برکات سے استفادہ کرے تو وہ اس اقلیت پر چھا سکتی ہے اور انہیں کنٹرول کرسکتی ہے جو معاشرے اور دین میں خرابیاں پیدا کرنے اور تفرقہ پھیلانے میں مصروف عمل ہے۔

انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ امت مسلمہ پر لازم ہے کہ وہ ماہ مبارک کے دوران خدا تعالی کی لاریب کتاب قرآن کریم کے مطالعے کو بالخصوص اپنی عادت بنائیں اور اس کے معانی و مفاہیم پر خصوصی توجہ دے اور اس میں موجود اسرار و رموز کا باریک بینی سے جائزہ لے اور انہیں اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی پر نافذ کرے تاکہ انسانیت فلاح و ہدایت کے راستے پر گامزن ہوکر اخروی کامیابی سے ہمکنار ہوسکے۔ علامہ ساجد نقوی نے اسلامیان پاکستان سے اپیل کی کہ وہ اس ماہ مبارک میں اپنے مصیبت زدہ، دہشت گردی سے متاثرہ بھائیوں کو بھی ضرور یاد رکھیں اور انکی ضرورتوں کا خیال کریں۔
خبر کا کوڈ : 180895
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش