0
Wednesday 25 Jul 2012 21:37

حکومت نے رمضان میں بھی عوام دشمن پالیسیوں کو اپنایا ہوا ہے، میاں محمد اسلم

حکومت نے رمضان میں بھی عوام دشمن پالیسیوں کو اپنایا ہوا ہے، میاں محمد اسلم
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب و سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں اور اقدامات کی وجہ سے رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ غریب عوام کیلئے مشکلات کا سامان بن گیا ہے۔ سبزی، پھل اور گوشت کی من مانی قیمتوں پر فروخت کی وجہ سے عام آدمی ان نعمتوں سے محروم ہو گیا ہے، قیمتوں کے تعین اور کنٹرول کیلئے حکومت باقاعدہ مکینزم جاری کرے اور اس پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی جھنگی سیداں کے زیر اہتمام درس قرآن و افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میاں محمد اسلم نے کہا حکومت نے رمضان کے بابر کت ماہ میں بھی عوام دشمن پالیسیوں کو اپنایا ہوا ہے۔

میاں اسلم کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے عفریت کے آگے دم توڑتی عوام کو لوڈشیڈنگ اور اشیاء ضرورت کی مصنوعی قلت شدید سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حکومت قیمتوں کے تعین اور چیک اینڈ بیلنس کا مربوط نظام قائم کرے اور ذخیرہ اندوزوں و منافع خوروں کو نکیل ڈالے تاکہ غریب آدمی کواس کی استطاعت کے مطابق زیادہ سے زیادہ آسانیاں اور ریلیف مہیا کیا جاسکے۔ میاں اسلم نے کارکنان پر زور دیا کہ رمضان سے مکمل استفادہ حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ کھانے پینے اور عید کی تیاریوں میں قیمتی وقت صرف کرنے کی بجائے بخشش اور مغفرت کا سامان کیا جائے، انفرادی اور اجتماعی غلطیوں پر ندامت کے ساتھ اللہ سے مغفرت اور اصلاح احوال کی دعائیں مانگیں۔
خبر کا کوڈ : 182121
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش