0
Friday 27 Jul 2012 16:07

پیپلز پارٹی اپنے اراکین اسمبلی کو لگام دے، علامہ مختار امامی

پیپلز پارٹی اپنے اراکین اسمبلی کو لگام دے، علامہ مختار امامی
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی عمران ظفر لغاری کی دادو کے علاقے سیتا میں امام بارگاہ پر قبضے، علم عباس (ع) کی بے حرمتی اور مومنین کو ہراساں کرنے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختار احمد امامی نے دادو کے علاقے سیتا میں عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مختار امامی نے کہا کہ کوئی بھی شیعہ یہ کبھی برداشت نہیں کرسکتا کہ اس کی آنکھوں کے سامنے علم عباس (ع) اور امام بارگاہ کی بے حرمتی کی جائے، یہ علم ہمارے لئے کربلا کے اس عظیم مجاہد کی یاد ہے کہ جو شہنشاہ وفا ہے اور ہم شہنشاہ وفا کے علم کی شبیہہ کی توہین ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے اراکین اسمبلی کو لگام دے، ورنہ ملت جعفریہ ایسے عناصر کو سبق سکھانا اچھی طرح جانتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں پی پی پی کے ایم پی اے عمران ظفر لغاری نے ضلع دادو کے امام بارگاہ حسینی سیتا سٹی پر قبضہ کیا اور چھ عزاداروں پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں عزادار زخمی ہوگئے، ہم پیپلز پارٹی کی اعلٰی قیادت کو یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ سندھ کی عوام کے دل محبت اہلبیت (ع) سے بھرے ہوئے ہیں اور یہاں کے لوگ ہر اس شخص کے خلاف ہیں کہ جو شعائر اسلامی کی توہین کرے، لہٰذا اگر وزیراعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ نے عمران ظفر لغاری کے خلاف ایکشن نہیں لیا تو اتوار کو ڈی سی آفس پر دھرنا دیا جائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر دادو کی عوام سے اپیل کی کہ شعائر اسلامی کی توہین کے خلاف منعقدہ دھرنے میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں اور اس بات کا اعلان کریں کہ ہمارا ووٹ صرف حسینی ہے اور آئندہ ہم کسی بھی یزیدی کو اپنا ووٹ نہیں دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 182568
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش