0
Friday 27 Jul 2012 19:31

پی ایل ایف کے تحت یوم یکجہتی شہدائے فلسطین

پی ایل ایف کے تحت یوم یکجہتی شہدائے فلسطین
اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے عنوان سے ماہ رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کو ’’ یوم یکجہتی شہدائے فلسطین ‘‘ منایا گیا اس حوالے سے ملک بھر کی مساجد میں خصوصی دعاؤں سمیت احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ فلسطینی مظلوموں سے اظہار یکجہتی کے لئے تصویری نمائشوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح پاکستان کے صوبہ سندھ کے صوبائی دارلحکومت کراچی میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور ’’ یوم یکجہتی شہدائے فلسطین ‘‘ کے عنوان سے ملیر اور لانڈھی کے علاقوں میں تصویری نمائشیں لگائی گئیں جبکہ متعدد مقامات پر احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام کراچی کے علاقوں لانڈھی اور ملیر میں لگائی گئی تصویری نمائشوں میں سیکڑوں مرد و خواتین سمیت بچوں اور بزرگوں نے شرکت کی اور مظلوم فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والی مصیبتوں کا معائنہ کرتے ہوئے فلسطین کے عوام سے اپنی دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

لانڈھی میں لگائی جانے والی تصویری نمائش میں شریک ایک ستر سالہ ( 70 سالہ ) شخص صدیق احمد کا کہنا تھا کہ میں اپنی جان فلسطینی عوام کی آزادی کی خاطر دینے کو تیار ہوں اور دل میں یہ خواہش رکھتا ہوں کہ قبلہ اول بیت المقدس کی زیارت کے لئے جاؤں اور مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کروں۔ تصویری نمائش میں شریک ایک خاتون جو کہ اپنے دو معصوم بچوں کے ساتھ شریک تھیں کا کہنا تھا کہ میں اپنے بچوں کو یہ درس دیتی ہوں بڑے ہوکر مظلوم فلسطینی عوام اور دنیا بھر کے مظلوموں کی حمایت میں اپنی زندگی صرف کریں، ان کا کہنا تھا کہ میں ہرگز ہرگز مسجد اقصیٰ کو غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے قبضہ میں نہیں دیکھ سکتی اور میری خواہش ہے کہ میرے دونوں بچے اس عید پر فلسطینی بچوں کے ساتھ عید منائیں اور ان کے دکھ اور درد کا مداوا کر سکیں۔

دوسری تصویری نمائش ملیر میں منعقد کی گئی تھی جہاں پر شریک ایک 16 سالہ نوجوان عابد علی کا کہنا تھا کہ مجھے افسوس ہے اپنی اس جوانی پر کہ میں اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے لئے کچھ نہیں کر سکتا لیکن میں دنیا کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ فلسطین کی آزادی اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کی خاطر کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کروں گا۔ تصویری نمائش میں شریک ایک طالبہ کا کہنا تھا کہ میں سلام پیش کرتی ہوں پاکستان کے ان جوانوں کو کہ جو فلسطینی عوام کے درد کو محسوس کرتے ہوئے دن رات یکجہتی فلسطین میں مصروف عمل ہیں اور پاکستان کے عوام کو فلسطین میں ہونے والے حالات و واقعات سے باخبر کرنے میں مددگار بنے ہوئے ہیں۔

نمائش میں شریک ایک بزرگ خاتون جن کی عمر 77 سال تھی کا کہنا تھا کہ میں فلسطین میں رہنے والی ماؤں کو سلام پیش کرتی ہوں جنہوں نے اپنے فرزندوں کو القدس کی آزادی کی راہ میں قربان کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کو ’’ یوم یکجہتی شہدائے فلسطین ‘‘ منانے کی اپیل کی تھی جبکہ رمضان المبارک کے دوسرے جمعہ کو ’’ یوم باب الاسلام فلسطین کے بغیر نا مکمل ‘‘ کے عنوان سے منایا جائے گا۔

اس موقع پر اسلام ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سرزمین کے باسی اپنے اجداد کی سنت پر عمل کرتے ہوئے ہمیشہ فلسطین کی مظلومیت کی آواز کو بلند کرتے رہیں گے، ان کا کہنا تھا کہ ہم بانی پاکستان قائداعظم محمد جناح کے کردار کو زندہ رکھیں گے اور اسرائیل کے وجود کو ہرگز تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج وقت کا تقاضہ ہے کہ ساری دنیا کے مسلمان مل کر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے خلاف ہم آواز ہوکر آواز بلند کریں اور یوم القدس کے دن سڑکوں پر آکر یہ ثابت کردیں کہ وہ امریکہ و اسرائیل کے چنگل سے قدس کو آزاد کرانے کے لئے میدان میں آن پہنچے ہیں اور انشاء اللہ القدس کو آزاد کراکے ہی دم لیں گے۔







خبر کا کوڈ : 182639
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش