0
Friday 3 Aug 2012 16:13

دینی قوتیں خلافت قائم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدام کریں، اسلامی تحریک طلبہ

دینی قوتیں خلافت قائم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدام کریں، اسلامی تحریک طلبہ
اسلام ٹائمز۔ اسلامی تحریک طلبہ پاکستان نے برما کے مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف ملک بھر میں یوم دعا اور یوم احتجاج منایا۔ لاہور، اسلام آباد، کراچی، لیہ، نارووال، کشمیر میں تحریک کے کارکنان نے برمی حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ اسلامی تحریک طلبہ کے قائدین غلام عباس صدیقی، عبدالغفار صدر پنجاب، ممتاز کشمیری جنرل سیکرٹری چودھری تنویر، حکیم الرحمن فاروقی نے مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان ممالک برمی مظلوم مسلمانوں کو پناہ دینے کے لئے عملی اقدام کریں، برمی مسلمانوں کو مسلم ممالک پاکستان، بنگلہ دیش و دیگر نے واپس کر کے انتہائی گھٹیا عمل کیا۔

انہوں نے کہا کہ برما کے مظلوم مسلمان امت مسلمہ کو پکار رہے ہیں، بدھسٹ سٹیٹ بنانے کے لئے برما میں ہزاروں مسلمانوں کا قتل عام ،عزت و ناموس کی پامالی اور جائیدادوں کی تباہی قابل شرم اور دہشت گردانہ فعل ہے، برمی صدر کا مسلمانوں کو مہاجر کیمپ میں منتقل کرنے کی تجویز کو مسترد کرتے ہیں کیونکہ مہاجر کیمپوں میں مسلمانوں کو مذہب تبدیل کرنے شراب پینے اور سور کا گوشت کھانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم رفاہی، فلاحی تنظیموں کو برمی مسلمانوں تک رسائی دی جائے برمی حکومت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہی ہے، مسلمان ممالک اپنے باڈرز برمی مسلمانوں کے لئے کھولیں۔

اسلامی تحریک طلبہ کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ برما کے ہزاروں مسلمانوں کے قتل پر اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے، برمی حکومت حقائق کے منافی بیانات دے کر دنیا کو گمراہ کر رہی ہے، عالم اسلام برما کے مسلمانوں کی جان و مال، عزت و آبرو کے تحفظ اور مال خورونوش کی فراہمی کے لئے عملی اقدام کرئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسلامی نظام خلافت قائم ہوتا تو برما کے مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح نہ کاٹا جاتا، دینی قوتیں خلافت قائم کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدام کریں۔
خبر کا کوڈ : 184555
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش