0
Sunday 5 Aug 2012 19:51

بی آر ایس پی کے 4 مغوی اہلکار طالبان کے چنگل سے آزاد ہوکر کوئٹہ پہنچ گئے

بی آر ایس پی کے 4 مغوی اہلکار طالبان کے چنگل سے آزاد ہوکر کوئٹہ پہنچ گئے
اسلام ٹائمز۔ ضلع پشین کے علاقے برشور سے بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے اغواء ہونے والے 4 مغوی اہلکار اتوار کو بذریعہ طیارہ اسلام آباد سے کوئٹہ پہنچ گئے۔ اس موقع پر ائیرپورٹ پر رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے، رہا ہونے والے مغوی اور ان کے اہلخانہ ایک دوسرے کو گلے لگا کر روتے رہے۔ ذرائع کے مطابق 13 دسمبر 2011ء کو بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے برشور سے شدت پسند شاہین گروپ نے بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے 6 اہلکاروں عبدالغفور، مقبول احمد، آفتاب احمد، بشیر احمد، سید مجیب الرحمان اور زبور احمد کاکڑ کو اغواء کر لیا تھا اور بعد ازاں کروڑوں روپے تاوان کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ تاوان کی بروقت ادائیگی نہ ہونے پر اغواء کاروں نے کچلاک سے تعلق رکھنے والے نوجوان مقبول احمد جبکہ بعد ازاں عبدالغفور کو قتل کر دیا گیا۔ 

4 دیگر اہلکار آفتاب احمد، بشیر احمد، سید مجیب الرحمان اور زبور شاہ کاکڑ اغواء کاروں کے قبضے میں تھے۔ تاہم گزشتہ روز مغویوں کو طالبان کے چنگل سے آزاد کرکے انہیں وزیرستان سے اسلام آباد پہنچایا گیا۔ اتوار کو جب وہ اسلام آباد سے بذریعہ طیارہ کوئٹہ پہنچے تو اس موقع پر کوئٹہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لوگوں کی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لئے موجود تھی۔ جن میں مغویوں کے اہلخانہ سمیت بی آر ایس پی کے کارکنوں اور حکام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ جب وہ ائیرپورٹ سے باہر آئے تو اس موقع پر رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔
 
والدین اور رشتہ دار مغویوں کو دیکھ کر زار وقطار رونے لگے۔ انہوں نے ایک دوسرے کو گلے لگایا، اس موقع پر وہاں موجود افراد میں سے اکثر آبدیدہ ہوگئے۔ بی آر ایس پی حکام کے مطابق چاروں مغویوں کو طالبان کے ساتھ مذاکرات کے بعد رہائی ملی ہے اور ان کے بدلے کسی قسم کا تاوان ادا نہیں کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 2 اہلکاروں کے قتل کے بعد مذکورہ مغویوں کے اہلخانہ نے صوبائی حکومت اور دیگر سے مایوس ہو کر کوئٹہ کے باچا خان چوک پر ان کی رہائی کی خاطر رقم اکھٹی کرنے کے لئے چندہ کیمپ کا انعقاد بھی کیا تھا۔ مگر چند دن گزرنے کے بعد وہ مایوس ہو کر اپنے گھروں کو لوٹ گئے تھے۔ 

آج کوئٹہ پہنچنے پر مغویوں کو ہار پہنا کر گاڑیوں کے جلوسوں کی شکل میں اپنے اپنے علاقوں کو روانہ کردیا گیا۔ دریں اثناء سول سوسائٹی اور سماجی حلقوں نے بی آر ایس پی کے چار افراد کے بحفاظت گھروں کو پہنچنے کا خیر مقدم کیا اور کہا ہے کہ اگر حکومت بروقت کارروائی کرتی تو دو مغوی جو شہید کردیئے تھے آج وہ بھی گھروں کو واپس لوٹ آئے ہوتے۔
خبر کا کوڈ : 185140
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش