0
Sunday 12 Aug 2012 23:39

دوسرے وزیراعظم کو گھر بھیجنا ملک توڑنے کے مترادف ہو گا،پیپلز پارٹی مزاحمت کرے گی، یوسف رضا گیلانی

دوسرے وزیراعظم کو گھر بھیجنا ملک توڑنے کے مترادف ہو گا،پیپلز پارٹی مزاحمت کرے گی، یوسف رضا گیلانی
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ان کے بعد اب دوسرے وزیر اعظم کو بھی گھر بھیجا گیا تو یہ ملک توڑنے کے مترادف ہو گا، اور پیپلز پارٹی مزاحمت کرے گی۔ لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عدلیہ کا یہی رویہ رہا تو کوئی بھی حکومت نہیں چل سکتی، اگر پارلیمنٹ کو نہیں چلنے دینا تو عدلیہ ہی ملک کو سنبھال لے، پھر پارلیمنٹ کی تشکیل اور انتخابات کا انعقاد فضول ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا یہی رویہ رہا تو سیاست دانوں کی طرف سے سابق متنازع چیف ڈوگر کورٹس جیسے بائیکاٹ کے امکان کو مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انہیں وزیراعظم کے عہدے سے سپریم کورٹ نے غیر آئینی طور پر ہٹایا، پیپلز پارٹی کے دوسرے وزیراعظم کو بھی ہٹایا گیا تو مزاحمت اور عوام کے ساتھ مل کر احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو سیاسی جماعت بننے کی بجائے عام لوگوں کو انصاف فراہم کرنا چاہئے۔ 

پیپلزپارٹی کے سینئر وائس چیئرمین نے کہا کہ پارلیمنٹ بالادست ادارہ ہے ،تمام ادارے اسی سے اختیار لیتے ہیں، اگلی بار فتح عدلیہ کی نہیں عوام کی ہوگی۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا وہ دو بار کار پر اور ایک بار پیدل چل کر سپریم کورٹ گئے، جوڈیشری نے پارلیمنٹ کی عزت نہیں کی، اب وزیراعظم کے دوبارہ چل کر جانے سے کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ صرف صدر زرادی کے ہی نہیں تمام این آر اوز پر بات ہوگی، سابق وزیراعظم نے واضح کیا کہ پہلا این آر او فوجی آمرجنرل پرویز مشرف اور نواز شریف کے درمیان جلاوطنی پر ہوا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ توہین عدالت کا ڈنڈا سیاست دانوں پر اس لیے چلتا ہے کہ باقی کوئی ان کی سنتا ہی نہیں، اقتدار میں آنے کے لیے عدلیہ کی بیساکھیوں کا انتظار کرنے والے یاد رکھیں کہ تیسری قوت ہمیشہ اقتدار کے موقع کی تلاش میں رہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کی  اسپیکر کی طرف سے جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنانے کے لیے تشکیل کردہ کمیشن کے اراکین کی نامزدگی پنجاب حکومت نے ابھی تک نہیں کی، جس سے مسلم لیگ ن سرائیکی کاز میں تاخیر تو کرسکتی ہے لیکن ختم نہیں کرسکتی۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے روابط پاکستان کے مفاد میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا کوئی بیٹا وازرت عظمٰی یا وزارت کا امیدوار نہیں۔ 
خبر کا کوڈ : 186977
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش