0
Monday 13 Aug 2012 01:02

کرپشن اور لوٹ مار کا نظام غریب کا استحصال کر رہا ہے، زبیر فاروق خان

کرپشن اور لوٹ مار کا نظام غریب کا استحصال کر رہا ہے، زبیر فاروق خان
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی اسلام آباد و اُمیدوار برائے قومی اسمبلی این اے اُنچاس زبیر فاروق خان نے کہا ہے کہ ملک میں کرپشن اور لوٹ مار کا نظام ہے جو غریب کا بری طرح استحصال کر رہا ہے۔ دولت چند ہاتھوں میں مرتکز ہو کر رہ گئی ہے۔ ایک گھر کے چار چار افراد صبح سے شام تک محنت و مشقت کرنے کے باوجود دو وقت کے کھانے سے محروم ہیں جبکہ چند گھرانے ملک کے وسائل پر قابض ہیں جو بغیر محنت کے عیش و عشرت کی زندگی گزار رہے ہیں۔ جب تک ملک میں قرآن و سنت کا نظام رائج نہیں ہوتا، ظلم و جبر کے نظام سے نجات نہیں مل سکتی۔

زبیر فاروق خان نے کہا ملک میں اس وقت توانائی کا سنگین بحران ہے۔ فیکٹریاں، کارخانے بند پڑے ہیں، زراعت کا شعبہ برباد ہو گیا ہے۔ بجلی کی چوری انتہائی حدوں کو چھو رہی ہے۔ اٹھارہ سے بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے باوجود عوام سے ہر روز نئے ٹیکس شامل کر کے بل وصول کیے جا رہے ہیں۔ دولت کی ظالمانہ تقسیم سے غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہو رہا ہے۔ کروڑوں لوگ غربت کی لکیر کے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی نے پورے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ لوگوں کی بے بسی دیکھی نہیں جاتی لیکن حکمران ہر فکر سے بے نیاز اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا ملک کی حالت اُس وقت تک نہیں بدلے گی جب تک عوام آئندہ انتخابات میں اچھے کردار کی حامل دیانتدار اور اہل قیادت کو منتخب نہیں کرتے، اسی سے پاکستان کو اس کے قیام کے حقیقی مقاصد کی منزل تک پہنچایا جا سکے گا۔
خبر کا کوڈ : 187010
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش