0
Thursday 16 Aug 2012 14:34

یوم القدس عالمی سامراج سے نبرد آزمائی کا دن ہے، علامہ عبدالخالق اسدی

یوم القدس عالمی سامراج سے نبرد آزمائی کا دن ہے، علامہ عبدالخالق اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی، سید اسد عباس نقوی اور علامہ محمد اقبال کامرانی نے صوبائی دفتر میں "القدس" فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم القدس عالمی سامراج سے نبرد آزمائی کا دن ہے۔ قبلہ اول کی آزادی فلسطین، برما میں مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنا امت مسلمہ پر واجب ہے۔ انہوں نے کہا جمعۃ الوداع کے موقع پر پنجاب کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یوم القدس کی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ جس کے تمام تر انتظامات کے لئے ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی سیکرٹری جنرلز کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

علامہ محمد اقبال کامرانی نے دہشت گردی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں جلوس کے راستے ابھی تک معدوم ہیں ضلعی انتظامیہ توجہ نہیں دے رہی، اگر صورت حال یہی رہی تو دہشت گردی کے شدید خطرات ہیں۔ انہوں نے وزیراعلٰی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ پنجاب بھر خصوصاً لاہور میں جلوس کے راستے تمام رکاوٹوں سے پاک اور فول پروف کے سکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں، کیونکہ یہ دن عوام الناس کے ساتھ ساتھ مسلم حکمرانوں پر منانا واجب ہے۔

عبدالخالق اسدی نے آخر میں کہا کہ ہم پریس یعنی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے مالکان، صحافی حضرات، دانشوروں، کالم نگاروں سے بھی استدعا کرتے ہیں کہ آئیں قبلہ اول کی آزادی کے لئے ہمارا ساتھ دیں، کیوں کہ بحیثیت مسلمان ہم پر یہ فرض ہے کہ فلسطینی بھائیوں کی حمایت میں آواز بلند کریں اور ان کو اسرائیل کے مظالم سے نجات دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ جسد واحد کی مانند ہے، فلسطینیوں کی اخلاقی و سیاسی حمایت ہم پر واجب ہے۔
خبر کا کوڈ : 188019
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش