0
Monday 18 Jan 2010 12:03

پاکستانی ایٹمی ہتھیاروں کا تحفظ،امریکی فوجی دستے کو تربیت دی جا رہی ہے،برطانوی اخبار

جوہری اثاثوں کی سیکورٹی فول پروف،برطانوی اخبار کی رپورٹ بے بنیاد ہے،دفتر خارجہ
پاکستانی ایٹمی ہتھیاروں کا تحفظ،امریکی فوجی دستے کو تربیت دی جا رہی ہے،برطانوی اخبار
 لندن:برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں پر شدت پسندوں کے قبضے کے خطرے کے پیش نظر امریکی فوج نے کریک یونٹ کے نام سے خصوصی فورس کی تربیت شروع کر دی ہے۔برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق شدت پسندوں کی جانب سے پاکستانی ایٹمی اثاثوں پر قبضے کی صورت میں امریکی فوج کا کریک یونٹ انہیں دوبارہ حاصل کرسکے گا۔برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران پاکستان کی جوہری تنصیبات پر حملے کی کوششیں کی گئیں،تاہم یہ کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔لیکن جی ایچ کیو پر حملے کے بعد پاکستانی جوہری ہتھیاروں کی سیکورٹی کے متعلق امریکی تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔جسے ختم کرنے کے لیے خصوصی کریک یونٹ تیار کیا جا رہا ہے۔رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ القاعدہ پاکستان کے جوہری مواد کو حاصل کر کے تباہ کن بم بنانا چاہتی ہے۔اس سلسلے میں وہ جوہری ہتھیاروں تک پہنچنے کی کوششوں میں مصرورف ہے۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان کے 80 جوہری ہتھیاروں کی حفاظت پر 1200 افراد مامور ہیں۔خطرہ ہے کہ القاعدہ یا شرپسند ان میں سے کسی کی حمایت حاصل کر سکتے ہیں۔اخبار نے سی آئی اے کے سابق آفیسر رولف موواٹ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان کے ایٹمی ہتھیار انتہا پسندی کی بڑھتی ہوئی لہر کی وجہ سے تشویش کا باعث
بنے ہوئے ہیں اس لیے اس کی حفاظت کیلئے فکر مند ہونا ہمارا فطری حق ہے۔
جوہری اثاثوں کی سیکورٹی فول پروف،برطانوی اخبار کی رپورٹ بے بنیاد ہے،دفتر خارجہ
اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ عبدالباسط نے برطانوی اخبار کی جانب سے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں پر انتہا پسندوں کے قبضے کے بارے پروپیگنڈے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری اثاثوں کی سیکورٹی فول پروف ہے اور اس حوالے سے برطانوی اخبار کے رپورٹ بے بنیاد ہے،پاکستان کے ایٹمی اثاثے انتہائی محفوظ ہاتھوں میں ہیں ان کا کسی کے ہاتھ لگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ہمیں اپنی دفاعی صلاحیتوں پر مکمل بھروسہ ہے۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کے بارے میں مغربی میڈیا کے مذموم پروپیگنڈے میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ہمیں اپنی دفاعی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد اور پورا کنٹرول ہے اور ایٹمی اثاثوں کے حوالے سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ مغربی میڈیا میں اس قسم کی رپورٹس پہلے بھی شائع ہوتی رہی ہیں اور یہ وہ لوگ کرتے ہیں جو پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں اور مضبوط نہیں دیکھنا چاہتے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی سفیر نے بھی یہ واضح بیان دیا تھا کہ ہمیں پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کے بارے کوئی خطرہ نہیں نظر آ رہا۔
خبر کا کوڈ : 18806
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش