0
Friday 17 Aug 2012 13:05

بابوسر کے علاقے میں مسافروں کی ہلاکت کا فوری نوٹس لیا جائے، الطاف حسین

بابوسر کے علاقے میں مسافروں کی ہلاکت کا فوری نوٹس لیا جائے، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مسلح دہشت گردوں کی جانب سے صوبہ خیبر پختوانخواہ اور گلگت کے قریب بابو سرٹاپ کے علاقے میں تین مسافر بسوں کے مسافروں کو اتار کر گولیاں مارنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس واقعہ درجنوں افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں ایک مخصوص طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو با قاعدہ شناخت کرنے کے بعد گولیاں مار کر قتل کرنا دہشت گردی اور درندگی کی انتہا ہے۔ جو عناصر اپنے گھناؤنے مقاصد کیلئے بے گناہ شہریوں کو شہید و زخمی کر رہے ہیں  وہ انسان تو کجا مسلمان کہلانے کے مستحق نہیں ہیں۔

الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ امیر حیدر خان ہوتی اور گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ مہدی شاہ سے مطالبہ کیا کہ بابو سر ٹاپ کے علاقے میں مسافروں کی ہلاکت کا فوری نوٹس لیا جائے اور اس میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے۔ الطاف حسین نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمی ہونیوالے افراد کی جلد و مکمل صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 188211
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش