0
Thursday 30 Aug 2012 20:24

دہشت گردوں کو سزائیں نہ ملنا عدالتی نظام پر سوالیہ نشان ہے، صاحبزادہ فضل کریم

دہشت گردوں کو سزائیں نہ ملنا عدالتی نظام پر سوالیہ نشان ہے، صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بدامنی عالمی گریٹ گیم کا حصہ ہے، بلوچستان کے عوام پاکستان سے نہیں ظالم سرداروں سے نجات چاہتے ہیں، دہشت گردوں کو عدالتوں سے سزا نہ ملنا عدالتی نظام پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، انسداد دہشت گردی کے قوانین میں تبدیلی کی ضرورت ہے، قوم کی مایوسی اور حکمرانوں کی بے حسی عروج پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ خزانہ خالی اور حکمرانوں کی تجوریاں بھرتی جا رہی ہیں، ملک بدحال اور حکمران خوشحال ہوتے جا رہے ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوامی مسائل حل نہ کرنے میں برابر کی شریک ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ وافر اور سستی بجلی کے لیے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1992ء میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کو قابل عمل قرار دیا تھا، اس کے باوجود قومی مفاد کے اس منصوبے کی مخالفت کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں توانائی کا شدید بحران کالاباغ ڈیم کی تعمیر کے بغیر حل نہیں ہو سکتا، وزیراعظم کو چاہیے کہ وہ قومی مفادات کونسل کے ذریعے کالاباغ ڈیم کی تعمیر پر اتفاق رائے پیدا کریں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ حکمرانوں کا کوئی دعویٰ اور وعدہ پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم بلوچستان سے لیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے۔ بینک ڈکیتیاں، اغوا برائے تاوان اور سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں انتہائی اضافہ ہو چکا ہے اور عوام شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 191420
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش