0
Tuesday 11 Sep 2012 00:14

حکمرانوں نے ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غریب کی کمر توڑ دی ہے، منور حسن

حکمرانوں نے ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غریب کی کمر توڑ دی ہے، منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہاہے کہ حکمرانوں کے ظلم، خود غرضی اور بے حسی کی کوئی حد نہیں رہی، عوامی احتجاج اور ردعمل کا ان پر کوئی اثر نہیں ہورہا، غریب عوام کو پہلے ہی دو وقت کا کھانا میسر نہیں جبکہ حکمران ڈھٹائی سے ہر ہفتے تیل، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر رہے ہیں، حکمران عوام کے جسم سے خون کا آخری قطرہ بھی نچوڑ لیناچاہتے ہیں، تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے اٹھنے والا مہنگائی کا طوفان غربت کے مارے عوام کی رہی سہی قوت خرید چھین لے گا۔ 

ان خیالات کااظہار انہوں نے تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر اپنے ردعمل میں کیا، سید منور حسن نے کہاکہ تیل کی قیمتوں میں اضافے سے تمام مصارف بڑھ جاتے ہیں اور اس کااثر زندگی کے تمام معاملات پر براہ راست پڑتاہے، حکمرانوں نے ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ کر کے ایک بار پھر غریب کی کمر توڑ دی ہے جبکہ پٹرول کی قیمتوں میں اس لیے اضافہ نہیں کیا گیا کہ وہ امیروں کی ضرورت ہے، انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس کر رکھ دیاہے، اب عوام کے جسم میں زندگی کی رمق باقی نہیں بچی لیکن حکمران اپنے ظلم سے باز نہیں آ رہے۔ 

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت پاکستانی تاریخ کی بدترین اور ظالم ترین حکومت ہے جس میں عوام کا گلا دبانے پر مفاہمت ہو چکی ہے، ڈاکوئوں کا گروہ عوام کی جیبوں پر ہر ہفتے ڈاکہ ڈالتاہے، سید منور حسن نے ملک میں طوفانی بارشوں سے ہونے والے جان و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکمرانوں کو غریب عوام کے ڈوبنے اور چھتوں سے محروم ہو جانے کا دکھ ہوتا تو وہ مصیبت کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہوتے اور ان کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پریشان نظر آتے مگر حکومت ریلیف کی سرگرمیوں میں کہیں نظر نہیں آ رہی، انہوں نے کہاکہ جب بھی اس ملک پر کوئی مصیبت کی گھڑی آتی ہے غیر سرکاری فلاحی ادارے او رتنظیمیں ہی عوام کے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 194411
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش