0
Thursday 13 Sep 2012 00:43

تہران ایوان صنعت و تجارت اور ایوان صنعت و تجارت کراچی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

تہران ایوان صنعت و تجارت اور ایوان صنعت و تجارت کراچی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط
اسلام ٹائمز۔ ایوان ہائے صنعت و تجارت کراچی اور تہران کے ایوان صنعت و تجارت و کان کنی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط، ایرانی تاجر و صنعت کار ایران پاکستان گیس پائپ لائن میں سرمایہ کاری اور پاکستانی حدود میں اس کو بچھانے کے لئے تیار ہے، تہران کے ایوان صنعت و تجارت و کان کنی کے ایک وفد نے چیمبر کے صدر یحییٰ آل اسحاق کی قیادت میں کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ وفد میں بینکنگ، آئل اینڈ گیس، ٹیلی کام، ٹیکسٹائل، زراعت سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تاجر اور صنعت کار شامل تھے۔

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وفد کے صدر یحییٰ آل اسحاق نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کے لئے ایران میں کافی مواقع موجود ہیں۔ پابندیوں کے باوجود ایران کی گزشتہ سال کی برآمدات 200 ارب ڈالر تھی۔ دنیا کے مختلف ممالک جن میں چین، کوریا، بھارت اور ترکی شامل ہے ایران کے ساتھ دو طرفہ تجارت کررہی ہے۔ پاکستانی تاجروں کو بھی پابندیوں کو مواقع شمار کرنا چاہئے۔ اگرچہ دشمن پاکستان اور ایران دونوں کو اپنی پالیسیاں ڈکٹیٹ کرانا چاہتا ہے۔ مگر ہم آپس میں مل کر ان کے سازشی عزائم ناکام بنا سکتے ہیں۔ ایران کی پہلی ترجیح علاقائی اور مسلم ممالک کے ساتھ تجارت کا فروغ ہے۔ ایران و پاکستان آئل اینڈ گیس، ٹیکسٹائل اور زراعت کے شعبوں میں آپس میں تعاون کرسکتے ہیں۔ ایرانی تاجر پاکستان میں کام کرنے کے لئے تجارتی شرکاء کی تلاش میں ہے۔ ایرانی تاجر ایران و پاکستان گیس پائپ لائن میں سرمایہ کاری کے لئے تیار ہیں اور پاکستانی حدود میں بھی پائپ لائن بچھانے کے لئے مدد کرسکتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی چیمبر کے صدر میاں ابرار نے کہا کہ پاکستان، ایران، افغانستان اور ترکی مل کر ایک تجارتی بلاک بنا سکتے ہیں جس کے ذریعے باہمی تجارت کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ تقریب کے آخر میں ایرانی قونصل جنرل کی موجودگی میں کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور تہران کے تجارتی چیمبر کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے جس کے مطابق دونوں چیمبر باہمی تجارت کے فروغ کے لئے اقدامات کرینگے۔
خبر کا کوڈ : 194658
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش