0
Friday 14 Sep 2012 17:15

گستاخانہ فلم، امریکی سفارت خانے کو بند اور سفیر کو ملک بدر کیا جائے، آئی ایس او / ایم ڈبلیو ایم

گستاخانہ فلم، امریکی سفارت خانے کو بند اور سفیر کو ملک بدر کیا جائے، آئی ایس او / ایم ڈبلیو ایم
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع ملیر اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن ملیر یونٹ کے زیر اہتمام حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ اور دین اسلام کی اہانت پر مبنی گستاخانہ فلم کے خلاف جامع مسجد و امام بارگاہ دربار حسینی برف خانہ ملیر کراچی میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ذوالفقار جعفری نے کہا کہ عالمی استعمار شیطان بزرگ امریکا اور صیہونی وحشی اسرائیل نے ایک مرتبہ پھر تاریخ انسانیت کے کامل ترین اور تمام مذاہب عالم کیلئے محترم ترین شخصیت حضرت محمد کے شان میں گستاخ کرتے ہوئے پوری انسانیت اور خصوصاََ عالم اسلام کے جذبات کو مجروح کیا اور ثابت کردیا کہ امریکا جہان عالم کا شیطان بزرگ اور ام الفساد ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حرمت رسول پر اپنی جانیں قربان کر دینگے لیکن آنحضرت ﷺ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کی جائے گی، تمام انسانیت مل کر شیطان بزرگ امریکا اور عالمی صیہونیت سے اس کا بدلہ لے کر رہے گی جس کی روشن مثال لیبیا، تیونس، لبنان و دیگر ممالک میں شیطانی مراکز یعنی امریکی ایمبیسیوں و قونصل خانوں پر عوام کی جانب سے کئے جانے والے حملے ہیں۔ علامہ ذوالفقار جعفری نے مزید کہا کہ مسلم ممالک اس اہانت آمیز و گستاخانہ فلم کے ردعمل میں احتجاج کرتے ہوئے شیطان بزرگ امریکا سے تمام تعلقات ختم کریں اور تمام مسلم ممالک فی الفور امریکی سفارت خانوں و قونصل خانوں کو بند کرکے سفارتکاروں سمیت تمام سفارت عملے کو نکال باہر کریں۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع ملیر کے سیکرٹری جنرل سجاد اکبر نے کہا کہ اگر اس گستاخی پر بھی پاکستان کے ارباب اقتدار خاموش رہے اور روایتی بے حسی کا مظاہرہ کیا تو حکمرانوں کی کرسی کے ساتھ ساتھ ان کا دین و ایمان بھی خطرے میں پڑ جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان اور پالیمینٹ روایتی بیان بازی سے آگے بڑھ کر فی الفور عملی اقدام کرے۔

احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں مذمتی پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر شاتم رسول افراد اور سرپرست ممالک کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر یونٹ صدر آئی ایس او ملیر یونٹ نے اعلان کی کیا کہ حالیہ توہین رسالت کے خلاف کراچی میں تمام شیعہ تنظیموں کی جانب سے مشترکہ مرکزی احتجاجی ریلی بعنوان ریلی لبیک یا رسول اللہ آئندہ اتوار 16 ستمبر کو تین بجے سہ پہر نمائش چورنگی سے نکالی جا رہی ہے جو امریکی قونصلیٹ تک جائے گی، اس میں شرکت کر کے تمام شیعہ و سنی مسلمان اپنے مثالی اتحاد و وحدت کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی دینی حمیت و غیرت کا ثبوت دیں۔
خبر کا کوڈ : 195368
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش