0
Saturday 15 Sep 2012 21:16

پشاور، جمعیت اتحاد العلماء کی امریکی فلم کیخلاف احتجاجی ریلی

پشاور، جمعیت اتحاد العلماء کی امریکی فلم کیخلاف احتجاجی ریلی
اسلام ٹائمز۔ امریکہ میں بنائی جانیوالی توہین آمیز فلم کے خلاف جماعت اسلامی کے علماء ونگ جمعیت اتحاد العلماء خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام المرکز الاسلامی پشاور سے رنگ روڈ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، اور مین جی ٹی روڈ پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں بڑی تعداد میں علماء کرام اور عوام نے شرکت کی۔ مظاہرے کی قیادت جمعیت اتحاد العلماء کے صوبائی صدر مولانا عبدالاکبر چترالی، صاحبزادہ ہارون الرشید، قاری احمد سعید، مولانا غلام الرحمان، اسرار اللہ ایڈووکیٹ اور دیگر علماء کرام کر رہے تھے۔ مظاہرین ’’امریکہ مردہ باد، امریکہ کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے۔ شان رسالت (ص) زندہ باد، حرمت رسول (ص) پر کٹ مرو، کٹ مرو۔‘‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جمعیت اتحاد العلماء کے صوبائی صدر مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ امریکہ توہین رسالت (ص) پر مبنی فلم پر پابندی لگائے، اس فلم کی تیاری میں ملوث عناصر کو فی الفور سزاء دے اور عالم اسلام سے معافی مانگے ورنہ امریکہ کو امت مسلمہ کے غیض و غصب کا سامنا کرنے پڑیگا اور پوری دنیا میں امریکی سفارتخانے اور قونصل خانے غیر محفوظ ہونگے۔ اُنہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ امریکی سفیر کو فوراً ملک بدر کیا جائے۔

بعدازاں مظاہرین نے امریکی پرچم کو بھی بطور احتجاج نذر آتش کیا۔ مظاہرے میں دینی مدارس کی نمائندہ تنظیم جمعیت طلبہ عربیہ کے کارکنان نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بعد ازاں مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔
خبر کا کوڈ : 195656
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش