0
Monday 17 Sep 2012 12:32

اہانت رسول (ص) سب سے بڑی نظریاتی و مذہبی دہشتگردی ہے، مفتی منیب الرحمان

اہانت رسول (ص) سب سے بڑی نظریاتی و مذہبی دہشتگردی ہے، مفتی منیب الرحمان

اسلام ٹائمز۔ دارالعلوم نعیمیہ میں تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان کے زیراہتمام مدارس اہلسنت تنظیموں کا ایک نمائندہ اجلاس مفتی منیب الرحمن کے زیر صدارت ہوا۔ جس میں امریکہ میں توہین رسالت پر مبنی فلم کے اجرا سے پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کیا گیا اور اتفاق رائے سے فیصلے کئے گئے۔ اجلاس کے آخر میں مفتی منیب الرحمن نے فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور مغربی حکومتیں اپنے آپ کو اہانت رسول کے حوالے سے پے در پے ہونے والی مجرمانہ سرگرمیوں سے بری الذمہ قرار نہیں دے سکتیں۔ ہمارے نزدیک یہ سب سے بڑی نظریاتی و مذہبی دہشت گردی ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہفتہ 29 ستمبر دو بجے دن اہلسنت و جماعت کی جانب سے لبیک یا رسول اللہ کے پرچم تلے نورانی چورنگی ایم اے جناح روڈ سے تاریخ ساز تحفظ ناموس مصطفٰی ریلی نکالی جائے گی، جو تبت سینٹر پر اختتام پذیر ہوگی۔ اس ریلی کے انتظامات کے لئے علامہ رضوان احمد نقشبندی کی سربراہی میں ایک ایکشن کمیٹی تشکیل دی گئی۔ مولانا ریحان امجد نعمانی، مولانا غلام غوث بغدادی، مفتی وسیم اختر مدنی، مفتی عابد مبارک، قاضی احمد نورانی، مولانا عبدالوہاب کو اس کمیٹی کا رکن منتخب کیا۔ نیز یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جمعرات 20 ستمبر کو دس بجے صبح دارالعلوم امجدیہ میں اہلسنت تنظیمات، آئمہ و خطباء، منتظمین مسجد اور معززین شہر کا ایک نمائندہ اجتماع ہوگا، جس میں ریلی کے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔

اجلاس میں مولانا جمیل احمد نعیمی، مفتی محمد الیاس رضوی، مولانا غلام دستگیر افغانی، مفتی محمد رفیق حسنی، مولانا سید عظمت علی شاہ ہمدانی، مفتی محمد وسیم اختر مدنی، مولانا مرزا عامر بیگ، مولانا الطاف قادری، مولانا رفیع الرحمن، مفتی عبدالرزاق نقشندی، مولانا نذیر جان نعیمی، مولانا محمد قاسم سیاوی، مولانا اشرف گورمانی، مولانا منظور شاہ ہمدانی، سید عقیل انجم قادری، مولانا نور الہادی نعیمی، مفتی سید صابر حسین، مفتی منور عتیق، سید ریاض علی اشرفی، مولانا محمد شعیب اور بڑی تعداد میں علماء کرام نے شرکت کی۔

خبر کا کوڈ : 196155
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش