0
Monday 24 Sep 2012 00:17

منہاج القرآن کی پرامن اور مثالی عظمت مصطفٰی (ص) ریلی

منہاج القرآن کی پرامن اور مثالی عظمت مصطفٰی (ص) ریلی
اسلام ٹائمز۔ توہین آور فلم کے خلاف ہزاروں افراد نے اپنے آقا و مولا حضرت محمد (ص) سے اظہار وفاداری کیلئے تحریک منہاج القرآن راولپنڈی اسلام آباد کے زیراہتمام ہونے والی عظیم الشان، عظمت مصطفٰے (ص) ریلی میں شرکت کی۔ سینکڑوں خواتین بھی ریلی میں شریک تھیں۔ ریلی دن گیارہ بجے لیاقت باغ سے شروع ہو کر سہ پہر چار بجے ڈی چوک بالمقابل پارلیمنٹ ہاؤس اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت ناظم اعلٰی تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق عباسی اور امیر تحریک پنجاب احمد نواز انجم نے کی۔ دن ایک بجے یہ ریلی جب آبپارہ چوک میں پہنچی تو گوجر خان، دولتالہ، کلر، کہوٹہ، مری، کوٹلی ستیاں، واہ کینٹ، ٹیکسلا، اسلام آباد فیڈرل ایریا اور اسلام آباد سٹی سے آنے والی ریلیاں بھی اس میں شامل ہوئیں۔

یہ جڑواں شہروں میں اب تک ہونے والی سب سے بڑی ریلی تھی۔ ریلی میں شرکاء کا نظم و ضبط قابل دید تھا۔ شرکاء نے توہین آمیز فلم کے خلاف کتبے اٹھا رکھے تھے، جس میں عالمی اداروں سے اس مذموم عمل کو مستقل طور پر ختم کرنے کے حوالے سے مطالبے درج تھے۔ ریلی کی ایک نمایاں تعداد خواتین پر مشتمل تھی، جس کے ساتھ بچے اور بچیاں بھی انتہائی عقیدت اور جوش و جذبے سے نعتیہ اشعار پڑھتی ہوئی ہمقدم تھیں۔ ریلی آبپارہ سے براستہ لال مسجد میلوڈی سے ہوتی ہوئی پارلیمنٹ کے عین سامنے ڈی چوک میں جا رکی اور ایک عظیم الشان جلسے کی شکل اختیار کرگئی۔

امت مسلمہ کے حکمرانوں اور OIC کی بے حسی کی بھی پر زور مذمت کی گئی۔ ہزاروں افراد نے محسن انسانیت (ص) پر درود و سلام پڑھ کر پوری دنیا کو آنحضور (ص) کی ذات اقدس سے وفاداری کا بھرپور پیغام دیا۔ مقررین نے کہا کہ آقا (ص) کی ناموس پر حملہ کرنے والے عالمی مجرم ہیں اور ہم اس وقت تک سراپا احتجاج رہیں گے، جب تک آزادی اظہار کے پردے میں اس مذموم ترین رویے کے اظہار کا ہمیشہ کیلئے راستہ بند نہیں ہو جاتا۔ مقررین نے ایسی فلموں اورکارٹونز کو امن عالم کیلئے بدترین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے موثر ممالک اور اداروں کو اپنے دوہرے معیار سے تائب ہونا ہوگا۔

منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے عظمت مصطفٰی (ص) ریلی میں شریک ہزاروں افراد سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن احتجاج دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کا انسانی اور جمہوری حق ہے۔ ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات کا قتل کرنے والے دہشت گرد اور انسانیت کے بدترین مجرم ہیں۔ آزادی اظہار رائے کی چھتری تلے توہین آمیز فلم مذموم ترین قبیح عمل ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس فلم کو بنانے والے پروڈیوسر، فنانسرز، پروموٹرز، ڈسٹری بیوٹرز اور اداکاروں کو عالمی سطح پر دہشت گردی کو فروغ دینے کے جرم میں فوری گرفتار کرکے مقدمہ چلایا جائے۔

انہوں نے کہا امریکہ فلم بنانے والے مصری مسیحوں کو فوری ڈی پورٹ کرے۔ کسی بھی پیغمبر کی شان میں گستاخی ہولو کاسٹ سے زیادہ سنگین جرم ہے۔ عالمی امن سے کھیلنے والے ملعونوں سے عالمی قوانین کے مطابق نبٹا جائے۔ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ یو ٹیوب، گوگل اور دیگر ویب سائٹس کیلئے اخلاقی اور قانونی ضابطہ اخلاق بنا کر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور نہ ماننے والوں کو انسانی معاشروں اور عالمی امن کے خلاف سنگین ترین مجرم قرار دے کر سنگین سزا دی جائے۔ اسلامی ممالک OIC ہنگامی اجلاس بلوا کر قراد داد منظور کریں اور اس قرار داد کو اقوام متحدہ میں لے کر جائیں۔ آج آزادی رائے اور امن عالم کے بین الاقوامی قوانین میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ اگر اقوام متحدہ توجہ نہ دے تو سارے اسلامی ممالک اس کا بائیکاٹ کر دیں۔ بائیبل، انجیل میں بھی انبیائے کرام، آسمانی کتابوں اور مقدس ہستیوں کے بارے میں توہین آمیز کلمات سخت ترین جرم ہے۔ یہ عالمی امن کا مسئلہ ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ فرانس بلجیئم اور آسٹریلیا کے اخبارات نے جو دل آزار آرٹیکل چھاپا ہے، اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ ان اخبارات کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ دنیا کا کوئی مذہب انبیاء کرام، الوہی کتابوں اور مقدس ہستیوں کی توہین کی اجازت نہیں دیتا۔ ریلی سے تحریک منہاج القرآن کے دیگر مرکزی و مقامی قائدین ڈاکٹر رحیق عباسی، احمد نواز انجم، اے کے گوندل، راجہ ساجد، سید بشیر شاہ، ابرار رضا ایڈووکیٹ، مرزا آصف قادری، عین الحق بغدادی، چوہدری جاوید اور ڈاکٹر واجد نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 197907
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش