0
Friday 28 Sep 2012 01:46

شفاف انتخابات پر کوئی سمجھتا نہیں ہو گا، فخرالدین جی ابراہیم

شفاف انتخابات پر کوئی سمجھتا نہیں ہو گا، فخرالدین جی ابراہیم
اسلام ٹائمز۔ آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں ہونے والے سیاسی جماعتوں کے مشاورتی اجلاس میں الیکشن کمیشن نے بلوچستان کے ہر ضلع کیلئے قومی اسمبلی میں ایک نشست مختص کرنے کی تجویز دی۔ تجویز کی منظوری سے قومی اسمبلی میں بلوچستان کی نشستیں 14 سے بڑھ کر 30 ہو سکتی ہیں تاہم سیکیورٹی فراہم نہ کرنے کی صورت میں بلوچستان کی بعض قوم پرست جماعتوں نے انتخابی عمل کو ناممکن قرار دیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے منصفانہ انتخابات اور ٹرن اوور بڑھانے کیلئے سیاسی جماعتوں سے تعاون کی اپیل کی۔ اجلاس میں سیاسی رہنماؤں نے کراچی، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سیکورٹی حالات کو انتخابات کیلئے مخدوش قرار دیا تاہم چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ ڈریں نہیں، وہ ہر صورت شفاف انتخابات کرائیں گے۔

سیاسی جماعتوں نے انتخابی عمل میں خفیہ ایجنسیوں کے کردار پر تحفظات کا اظہار کیا جس پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ سب بے فکر رہیں، ان کو سپریم کورٹ نے بے پناہ اختیارت دیئے ہیں وہ ایجنسیوں کو بھی مشاورت کیلئے بلا سکتے ہیں۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے علاوہ، سیاسی جماعتوں کی اکثریت نے اس بات سے اتفاق کیا کہ دوہری شہریت کے حامل افراد کو انتخابات میں حصہ نہیں لینے دینا چاہیئے جبکہ پیپلز پارٹی شیر پاؤ کے علاوہ سب سیاسی جماعتوں نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے نشستیں مخصوص کرنے کی حمایت کی۔ سیاسی جماعتوں نے اپنی تجاویز الیکشن کمیشن کے حوالے کرنے کے بعد، ضابطہ اخلاق کی تیاری بارے مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق، الیکشن کمیشن میں ہونے والے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صاف اور شفاف الیکشن ہمارا ایک نکاتی ایجنڈا ہے، شفاف الیکشن کے بغیر پاکستان کا مستقبل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس تمام اختیارات ہیں سپریم کورٹ نے شفاف الیکشن کے لیے اختیارات دیئے ہیں اگر شفاف الیکشن نہ ہوئے تو ہم ذمہ دار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے اچھی تجاویز دی ہیں سب کا ملک ہے شفاف الیکشن سے تبدیلی آئے گی۔ میڈیا سول سوسائٹی سمیت ہر شخص اپنی ذمہ داری کا جوابدہ ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نئی نسل ملک کے مستقبل کی خاطر ووٹ ڈالے، بلوچستان کو خاص توجہ کی ضرورت ہے صاف اور شفاف الیکشن کے انعقاد کے لیے فوج طلب کرنا پڑی تو طلب کرینگے ضرورت پڑنے پر فوج کو پولیس سٹیشنوں پر تعینات کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 199125
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش