0
Monday 1 Oct 2012 21:08

بلوچستان کے امن کیلئے بلوچ نوجوانوں کو اہم کردار ادا کرنا ہو گا، عتیق الرحمن

بلوچستان کے امن کیلئے بلوچ نوجوانوں کو اہم کردار ادا کرنا ہو گا، عتیق الرحمن
اسلام ٹائمز۔ صدر شباب ملی پاکستان عتیق الرحمن نے صدر شباب ملی بلوچستان اخلاص احمد کی قیادت میں آئے ہوئے بلوچ نوجوانوں سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے امن کے لئے بلوچ نوجوانوں کو اہم کردار ادا کرنا ہو گا،حکمران مسئلہ کے حل کے لئے سنجیدگی اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بلوچستان کا امن تباہ کیا جا رہا ہے، غیر ملکی طاقتیں بلوچستان کے امن تباہ کر کے قدرتی وسائل پر قابض ہونا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کو کراچی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس سے مراد کراچی کی بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ ہے، اس سلسلے میں صوبائی اور وفاقی حکومت کی بے حسی ہے کہ ختم ہونے میں ہی نہیں آتی، صوبہ سندھ اور بلوچستان دو ایسے صوبے ہیں جہاں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور دونوں صوبوں میں پارلیمینٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتیں حکومت کا حصہ ہیں، سندھ اسمبلی اور بلوچستان اسمبلی میں حزب اختلاف کا کوئی وجود نہیں لیکن دونوں صوبوں کے حالات اور امن و امان کی خرابی ملک کی سالمیت کے لئے خطرہ بنتی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ موجودہ حکومت قائم ہی اس لئے کی گئی ہے کہ پورے ملک کو لسانی اور فرقہ وارانہ مسلح جنگ میں جھونک دیا جائے۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کے بیانات تو یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں قتل و غارت گری اور بدامنی کے ہر واقعہ سے انہیں مسرت حاصل ہوتی ہے۔ ان کے طرز عمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں اسائنمنٹ ہی یہ دیا گیا ہے کہ ملک کا کوئی بھی حصہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی اور قتل و غارت گری سے پاک نہ رہے۔

مزید براں انہوں اختر مینگل کی جانب سے سپریم کورٹ میں اس واقعہ کو اٹھانے پر خیر مقدم کیا اور کہا کہ شباب ملی بلوچستان کے امن کے لئے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی حمایت کرے گی۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مسئلہ بلوچستان کے حل میں اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کریں اور عوام کو حقائق سے آگاہی دیں تاکہ کوئی گمراہ نہ ہو۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل شباب ملی پاکستان قیصر شریف اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ثقلین ارشاد بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 200120
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش