0
Monday 1 Oct 2012 21:12

گستاخئ رسول آزادئ اظہار نہیں فکری دہشت گردی ہے،فضل کریم

گستاخئ رسول آزادئ اظہار نہیں فکری دہشت گردی ہے،فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ جامعہ حنفیہ غوثیہ بھاٹی چوک لاہور میں تنظیم نوائے اسلام کے عہدیداران و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ او آئی سی گستاخانہ فلم کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرنے کی بجائے عملی اقدامات کرے، گستاخئ رسول آزادئ اظہار نہیں فکری دہشت گردی ہے، مغرب نے توہینِ رسالت کو معمول بنا لیا ہے، عالمی سازش کے تحت بلوچستان کے مسئلہ پر سلامتی کے اداروں کو بدنام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ بندوق سے نہیں مکالمے سے حل ہو گا اور مسئلہ بلوچستان کا سیاسی حل ہی پائیدار ہو گا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ حکومت سرچشمہ بے فیض بن چکی ہے اور پاکستان میں ملکی قانون امیرزادوں اور حکمرانوں کے سامنے ہاتھ باندھے مؤدب کھڑا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسئلہ کے حل کے لیے سنجیدہ اور مخلص قیادت کی ضرورت ہے، پاکستان میں میرجعفر اور میرصادق سازشوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محب وطن طبقات پاکستان بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ قوم پاکستان کے تحفظ کی ذمہ دار فوج کو گالیاں برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل عام آدمی کی آواز بنے گی۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ  14 اکتوبر کو کراچی سے شروع ہونے والا ٹرین مارچ تاریخی ثابت ہو گا۔ انہوں نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کارکن ٹرین مارچ میں بھر پورشرکت سے اسے کامیاب بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 200121
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش