0
Wednesday 10 Oct 2012 20:20

دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے امریکہ اور طالبان سے نجات ضروری ہے، فضل کریم

دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے امریکہ اور طالبان سے نجات ضروری ہے، فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے اعلان کیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل جمعہ 12 اکتوبر کو ملالہ یوسف زئی پر حملے کے خلاف ملک گیر یومِ مذمت منائے گی اور جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں ملالہ یوسف زئی کی صحت و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی، ملالہ پر حملے سے پورا ملک ملال میں مبتلا ہے، معصوم بچیوں پر حملہ کرنے والے جہادی نہیں فسادی ہیں، خودکش حملے اور ڈرون حملے کرنے والوں نے پاکستان کو موت کی وادی بنا دیا ہے، پوری قوم ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف اٹھ کھڑی ہو۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور پاکستانی طالبان دونوں دہشت گرد ہیں اور دونوں کا ایجنڈا پاکستان کو کمزور اور تباہ کرنا ہے، علم اور امن کی علمبردار دخترِ وطن پر حملہ پورے پاکستان پر حملہ ہے، کرپشن کلچر کے خاتمہ کے لیے قومی احتساب بل کی جلد منظوری ناگزیر ہے، عدلیہ کے خلاف بیانات پر پابندی کا فیصلہ ناپسندیدہ اور غیر آئینی ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ ہماری وفا اسلام اور پاکستان کیساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے والے کرائے کے قاتل، موت کے سوداگر اور نفرت کے بیوپاری ہیں، اسلام امن کا علمبردار ہے اور اسلام ایک بے گناہ کے قتل کو ساری انسانیت کے قتل کے مترادف قرار دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے امریکہ اور طالبان دونوں سے نجات ضروری ہے، وقت آ گیا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کو کچلنے کے لیے پاک فوج کے پیچھے کھڑی ہو جائے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے امریکی ایجنٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل ٹرین مارچ کے ذریعے گستاخانہ فلم، ڈرون حملوں اور دہشت گردی کے خلاف زوردار احتجاج کرے گی۔ ٹرین مارچ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ثابت ہوگا، جس سے قوم کو اتحاد و یکجہتی کا پیغام ملے گا۔

دوسری جانب سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے وفد نے 14 اکتوبر کے ’’تحفظِ ناموسِ رسالت ٹرین مارچ‘‘ کے سلسلہ میں لاہور کے دینی مدارس کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت سنی اتحاد کونسل لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری کر رہے تھے۔ سنی اتحاد کونسل کے وفد نے دینی مدارس کے سربراہوں کو ٹرین مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔ وفد نے جامعہ نعیمیہ میں ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، جامعہ نظامیہ رضویہ میں صاحبزادہ عبدالمصطفٰی ہزاروی، علامہ حافظ عبدالستار سعیدی، جامعہ رسولیہ شیرازیہ میں صاحبزادہ رضائے مصطفٰی نقشبندی، جامعہ حنفیہ غوثیہ بھاٹی چوک میں صاحبزادہ محمد طاہر سیالوی اور جامعہ برکات العلوم مغلپورہ میں صاحبزادہ سید ارشد گردیزی سے ملاقاتیں کیں۔
خبر کا کوڈ : 202571
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش