0
Thursday 11 Oct 2012 23:12

مولانا فضل الرحمان جس ایم ایم اے کی بحالی چاہتے ہیں وہ تو پہلے سے بحال ہے، شبیر احمد خان

مولانا فضل الرحمان جس ایم ایم اے کی بحالی چاہتے ہیں وہ تو پہلے سے بحال ہے، شبیر احمد خان
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے قائمقام امیر شبیر احمد خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آئندہ انتخابات کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ مولانا فضل الرحمان جس ایم ایم اے کو بحال کرنا چاہتے ہیں وہ تو پہلے سے بحال ہے اور اس کے تحت 2008ء میں انتخابات میں حصہ لے کر جے یو آئی (ف) کو اپنی کمزور سیاسی پوزیشن کا پتہ چل چکا ہوگا۔ المرکز اسلامی پشاور سے جاری کیے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جے یو آئی (ف) اگر جماعت اسلامی کے ساتھ انتخابی اتحاد کرنا چاہتی ہے تو اس کے لئے اسے پیپلز پارٹی اور اسکے سربراہ آصف زرداری سے ناطہ توڑ نا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی (ف) بلوچستان حکومت میں شریک ہے اور آج بلوچستان جل رہا ہے، جس کی ذمہ داری دوسروں کے ساتھ جے یو آئی (ف) پر بھی عائد ہوتی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات سدھارنے اور بلوچ عوام کے حقوق کے لئے جے یو آئی (ف) نے حکومت میں رہ کر کیا کردار ادا کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی (ف) زرداری حکومت کا حصہ بھی رہی لیکن اس نے ملک میں بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت اور ڈرون حملوں کو رکوانے کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک اور قوم جن بدترین مسائل سے دو چار ہیں اور مہنگائی، بے روز گاری اور بدامنی کی لپیٹ میں ہیں۔ جے یو آئی (ف) خود کو اس سے بری الذمہ نہیں کر سکتی۔ 

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو آصف زرداری اور پیپلز پارٹی کے ساتھ اپنے گہرے مراسم، بلوچستان حکومت میں موجودگی اور کشمیر کمیٹی کی چیئرمین شپ دینی جماعتوں کے درمیان اتحاد سے زیادہ عزیز ہے۔ اور یہی وہ اصل حقیقت ہے جسے وہ قوم سے چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 202627
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش