0
Monday 22 Oct 2012 17:53

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کیلے سید یوسف رضا گیلانی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان میں جمہوریت کے خلاف سازش کرنے والوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور تاریخ اس بات کو ثابت کریگی کہ یوسف رضا نے پاکستان میں جمہوریت کے فروغ اور استحکام پاکستان کے لیے ہر قسم کی قربانی دی۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے سید یوسف رضا گیلانی کی پارٹی سے وابستگی کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنے دور اقتدار میں بھرپور اقدامات کئے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے اسلام آباد میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات میں کیا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ مشکل و مصائب حالات کا بڑی ہمت اور کامیابی سے مقابلہ کرکے پاکستان کو ایک محفوظ مقام تک پہنچانے میں یوسف رضا گیلانی کا کلیدی کردار رہا ہے۔ مشکل اور آزمائش کی گھڑی میں پارٹی سے اپنی وابستگی کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کا نظریاتی کارکن ہونے کا ثبوت فراہم کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نظریاتی کارکنوں کی واحد جماعت ہے، جس نے جمہوریت اور پاکستان کی سلامتی کیلئے ہر وقت قربانیاں دی ہیں۔ دیگر جماعتوں کے سربراہوں کی طرح مشکل حالات میں خفیہ معاہدے کرکے پاکستان سے فرار نہیں ہوئے بلکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین ہر مشکل کا جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنے کارکنوں سے رشتہ برقرار رکھا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے یوسف رضا گیلانی کی گلگت بلتستان کو داخلی خود مختاری دینے میں ان کے کردار کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور اقدامات کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 205708
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش