0
Thursday 25 Oct 2012 04:37

کھال اور بھتہ نہ دینے پر قربانی کے جانوروں کو ہلاک کرنا المیہ ہے، محمد حسین محنتی

کھال اور بھتہ نہ دینے پر قربانی کے جانوروں کو ہلاک کرنا المیہ ہے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ بھتہ نہ دینے پر قربانی کے جانوروں کو ہلاک کردینا بہت بڑا المیہ ہے اور اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، قاتلوں اور بھتہ خوروں نے مذہبی معاملات کو بھی بھتے کی آلائشوں سے پراگندہ کردیا ہے۔ شہر میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لئے لائے گئے درجن بھر سے زائد جانوروں کو گولیاں مار کر ہلاک کر دینا سفاکیت کی انتہا ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، عوام انصاف کے حصول کیلئے کس کے پاس جائیں، سپریم کورٹ کے نوٹس کے باوجود امن و امان کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی، ناکام صوبائی حکومت اور اتحادی جماعتیں سیاسی مفادات کے بندر بانٹ میں مصروف ہیں اور شہریوں کو قربانی جیسے مقدس فریضے کی ادائیگی میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،عوام شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں جس کی وجہ سے وہ پر امن طریقے سے ذہنی یکسوئی اور قلبی اطمینان کے ساتھ سنت ابراہیمی کی ادائیگی سے قاصر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئے روز ایسے واقعات دیکھنے میں آ رہے ہیں جس میں جانوروں کی کھال اور بھتے کیلئے زبردستی پرچیاں تھمائی جاتی ہیں اور اگر انکار کیا جائے تو قربانی کے جانور کو گولی مارنے سے بھی دریغ نہیں کیا جارہا، اس درجے کی سفاکیت قہر خداوندی کو دعوت دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک جانب تاجر برادری سے عیدی کے نام پر بھتے کی مد میں بھاری رقوم طلب کی جارہی ہیں تو دوسری جانب عوام سے قربانی کے جانور پر بھی بھتہ وصولی کی جارہی ہے۔ ان تمام صورتحال میں حکومت، قانون اور رٹ نام کی کوئی چیز سرے سے نظر ہی نہیں آرہی، عوام کُلی طور پر دہشت گردوں اور بھتہ خوروں کے رحم کرم پر ہیں۔ پولیس، رینجرز اور سیکیورٹی ادارے اسنیپ چیکنگ کے نام پر عوام کو تو تنگ کرتے نظر آتے ہیں مگر بھتہ خور اور دہشت گرد ان کی آنکھوں سے ہمیشہ اوجھل رہتے ہیں۔

محمد حسین محنتی نے عوام سے کہا کہ خدارا اپنی آنکھیں کھولیں اور اپنے ہمدردوں اور دشمنوں میں تمیز پیدا کریں، ایسے افراد، جماعتوں اور گروپوں سے ناصرف اعلان برات کریں بلکہ ایسے عناصر کے خلاف میدان عمل میں نکلیں جنہوں نے شہریوں کا سکھ اور چین چھین لیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ، ڈی جی رینجرز اور آئی جی پولیس سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ قربانی کے جانوروں کو گولیاں مارنے والوں کو قانون کے گرفت میں لے کر عبرتناک سزائیں دی جائیں اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے مربوط اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 206455
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش