0
Thursday 25 Oct 2012 11:09

بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں سے منحرف ہے، بیرسٹر سلطان

بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں سے منحرف ہے، بیرسٹر سلطان
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے مرکزی رہنماء بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ہنگری مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ اب جبکہ یورپی یونین ایک فعال ادارہ بن چکی ہے اس لئے مسئلہ کشمیر پر اسی طرح موثر رول ادا کرتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دلوانے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کو رکوائے کیونکہ بھارت آئے روز نہتے کشمیریوں کو بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنی رہائش گاہ پر ہنگری کے سفیر اسٹوان سزیبو(Istvan Szabo) سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔اس موقع پر ہنگری کے سفیر کی اہلیہ بھی موجود تھیں۔ 

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ کشمیر پر اور بالخصوص مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر قراداد پاس کر چکی ہے اس لیے آج ان قراردادوں پر عملدرآمد کے لئے اپنی کوششیں تیز کرے۔ کیونکہ کشمیری عوام ایک طویل عرصے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں اور پچھلے چونسٹھ سال سے بھارت وہاں پر فوج کے ذریعے کشمیری عوام کو دبائے ہوئے ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ آج جبکہ اقوام متحدہ موثر کردار ادا کرنا چاہتا ہے تو اس کی اپنی کریڈیبلیٹی اور افادیت اسی صورت میں ثابت ہو سکتی ہے کہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر جو پہلے مسائل آئے تھے وہ حل کیے جائیں اسی طرح مسئلہ کشمیر بھی پہلے چند مسائل میں سے ایک ہے لیکن آج تک ان قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ اس سے نہ صرف مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا حق نہیں ملا بلکہ بھارت اور پاکستان دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور اس ریجن میں ایک ایٹمی جنگ کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے اس لئے ایک بڑی ایٹمی جنگ کو روکنے کے لئے انٹرنیشنل کمیونٹی کو خاموش تماشائی بن کر نہیں رہنا چاہیے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کوششیں کرنی چاہیں۔
خبر کا کوڈ : 206503
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش