0
Saturday 27 Oct 2012 04:40

قربانی کے موقع پر آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے اقدامات کیے جائیں، جماعت اسلامی

قربانی کے موقع پر آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے اقدامات کیے جائیں، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی مظفر ہاشمی، لئیق خان،نصراللہ شجیع، یونس بارائی اور حمیداللہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ شہری انتظامیہ اور ٹاؤن ایڈمنسٹریٹرز کی نااہلی اور غفلت کی وجہ سے روشنیوں کے شہر کی رونقیں ماند پڑ گئی ہیں، قربانی کے دنوں میں مقامی سطح پر آلائشیں جمع کرنے اور پھر وہاں سے اٹھا کر آبادی سے دور لے جا کر ٹھکانے لگانے کا کام شہری انتظامیہ کا ہے۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر اخباری بیانات اور زبانی جمع خرچ کے بجائے مستعدی کے ساتھ خصوصی صفائی مہم چلائی جائے اور آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے ساتھ صفائی ستھرائی کے مناسب اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ شہری انتظامیہ کے پاس عوام کی بہبود، سہولیات اور تزئین و آرائش کی مد میں کروڑوں روپے کے فنڈ ہوتے ہیں جو کرپشن اور لوٹ مار کی نذر ہو جاتے ہیں۔

سابق ارکان اسمبلی نے کہا کہ ہر سال عید کے موقع پر خصوصی صفائی مہم کا اعلان تو کیا جاتا ہے مگر سوائے فوٹو سیشن اور خوش آمدی بینرز کے عملی کام ہوتا نظر نہیں آتا۔ جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر، قربانی کے جانوروں کی اوجھڑیاں اور آلائشیں پڑی ہوتی ہیں، جس سے نہ صرف تعفن پھیلتا ہے بلکہ لوگوں کو گذرنے میں بھی شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، مزید یہ کہ گندگی کی وجہ سے خطرناک کیڑے مکوڑوں اور جراثیم کی افزائش نسل بھی ہوتی ہے جو بعد میں مہلک امراض کی شکل اختیار کرلیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قربانی کے دنوں میں جانوروں کی آلائشیوں کو ٹھکانے لگانے کا کام ٹاؤن ایڈمنسٹریشن اور یونین کونسلوں کا ہے جس کے لئے بھاری فنڈز بھی جاری کیے جاتے ہیں مگر دیکھنے میں یہ آتا ہے کہ اوجھڑیاں اور دیگر چیزیں قربانی کے بعد بھی کئی کئی دنوں تک جا بجا پڑی نظر آتی ہیں مگر انہیں ٹھکانے لگانے کا کوئی بندوبست نہیں کیا جاتا، جس سے نہ صرف شہر کا حسن ماند پڑتا ہے بلکہ شہریوں کو بھی سخت اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سابق ارکان اسمبلی جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا ہے کہ شہری انتظامیہ کی جانب سے ہر ٹاؤن اور یوسی کی سطح پر خصوصی صفائی مہم چلائی جائے، آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے ساتھ تعفن سے نجات کیلئے چونا اور جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ اور فیومیگیشن اسپرے یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کسی بھی ممکنہ وائرس اور بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔
خبر کا کوڈ : 206851
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش