0
Saturday 27 Oct 2012 04:34

سنت ابراہیمی (ع) کا تقاضہ ہے کہ اپنا سب کچھ اللہ کی راہ میں قربان کردیا جائے، محمد حسین محنتی

سنت ابراہیمی (ع) کا تقاضہ ہے کہ اپنا سب کچھ اللہ کی راہ میں قربان کردیا جائے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ مسلمان اپنے معبود برحق کے سوا کسی کی خدائی قبول نہیں کر سکتا۔ حج دنیا بھر کے مسلمانوں کے اتحاد و یگانگت کا بے مثال مظہر ہے جبکہ سنت ابراہیمی کا تقاضہ ہے کہ مسلمان آزمائش کی گھڑی میں اپنا سب کچھ اللہ کی راہ میں قربان کردے۔ ناعاقبت اندیشن حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام عید قرباں کی حقیقی خوشیوں سے محروم ہیں، ہمیں ان پرمسرت لمحات میں دنیا بھر میں برسر پیکار مجاہدین، مظلوم امت مسلمہ، مبلغین اسلام اور اپنے آس پاس موجود غرباء و مساکین کو یاد رکھنا چاہیے، قوم عید کی خوشیوں میں اپنی بستیوں کے ان خاندانوں کو ضرور شامل کرے جن کے پیارے ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی کا شکار ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر بننے والے وطن عزیز میں آج تک اسلامی نظام نافذ نہیں کیا جاسکا، ہمارے حکمران ہمیشہ سے امریکہ و دیگر باطل طاقتوں کے غلام رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ پاکستانی قوم قابلیت، صلاحیت اور وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود انتہائی بدتر زندگی گذارنے پر مجبور ہے اور اسے غربت، بیروزگاری، مہنگائی، لوڈشیڈنگ، ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی سمیت بے انتہا مسائل اور بحران درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت فرد اور قوم ہمیں ایک عظیم جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے جس کے نتیجے میں ہم اپنی ذات اور مملکت خداداد میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کرنے میں کامیاب ہوجائیں، حقیقی خوشیاں ہمیں تب ہی حاصل ہونگی جب اسلامی انقلاب ہمارا مقدر بنے گا۔

محمد حسین محنتی نے عوام سے اپیل کی کہ عید کے پر مسرت لمحات میں کشمیر، فلسطین، افغانستان، برما، شیشان و دیگر مقبوضہ علاقوں میں برسر پیکار مجاہدین اسلام، مظلوم مسلمان اور دعوت و تبلیغ کرنے والوں کی مدد و نصرت کی خصوصی دعائیں مانگی جائیں جبکہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی کا نشانہ بننے والے بے گناہ افراد کے اہل خانہ بالخصوص معصوم بچوں کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کریں تاکہ قلبی راحت و سکون کے ساتھ ہماری اپنی خوشیاں بھی دوبالا ہوسکیں۔
خبر کا کوڈ : 206849
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش