0
Monday 26 Nov 2012 13:21

موبائل فون دہشتگردوں کے رابطے کا اصل ذریعہ ہے، دہشتگردی کیخلاف سب کو ملکر لڑنا ہوگا، رحمان ملک

موبائل فون دہشتگردوں کے رابطے کا اصل ذریعہ ہے، دہشتگردی کیخلاف سب کو ملکر لڑنا ہوگا، رحمان ملک
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ طالبان نے دہشت گردی کے فرنچائز بنا دیئے ہیں، موبائل فون دہشت گردوں کے رابطے کا اصل ذریعہ ہیں، محرم الحرام کے دوران قوم نے متحد ہو کر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔ وزارت داخلہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ ملک بھر میں یوم عاشور پر قانون نافذ کرنے والوں کی کارکردگی بہتر رہی اور تمام صوبوں کی انتظامیہ نے قیام امن کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موبائل فون بند ہونے کی وجہ سے کراچی میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ نہیں ہوئی، وائرلیس سروس بھی بند کرنے کے بہتر نتائج سامنے آئے ہیں۔
 
وزیر داخلہ نے کہا کہ موبائل فون کی بندش پر مجھے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا، تاہم بتانا چاہتا ہوں کے موبائل فون دہشت گردوں کے رابطے کا اصل ذریعہ ہے اور اسی کے ذریعے وہ دھماکے کرتے ہیں، دہشت گردی کیخلاف سب کو مل کر لڑنا ہوگا۔ دہشت گردوں کا انجام بھی بیت اللہ محسود جیسا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جعلی سموں کو ختم کرنے سے بڑا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ غیر قانونی پری پیڈ سموں کا خاتمہ کر دیں گے، اور دہری شناخت والی سم کو بند کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سب جانتا ہوں کہ دہشت گردوں کے فنڈز کہاں سے آتے ہیں، گرفتار دہشت گرد عطاء اللہ نے بتایا کہ وہ کراچی میں دھماکے کرنا چاہتا تھا۔

دیگر ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ رحمن ملک کہتے ہیں کہ پوری قوم کے اتحاد نے دہشتگردوں کو ناکام بنا دیا۔ دہشت گرد اپنی حرکتیں چھوڑ دیں تو انھیں معافی دینے کو تیار ہیں۔ انھوں نے یکم دسمبر سے ایک نام پر نکلوائی گئی کئی کئی سمیں بند کرنے کا عندیہ دیا۔ رحمن ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ کراچی میں دہشت گردوں نے ہزاروں جانیں لینے کا منصو بہ بنایا تھا جس کے لیے پہلی بار انتہائی تباہ کن مواد تیار کیا گیا تھا۔ رحمن ملک نے محرم الحرام میں مجموعی طور پر امن کا کریڈٹ اپنے مخالفین کو بھی دیا۔ وزیر داخلہ نے فرض شناسی کا مظاہرہ کرکے دہشت گردی کے منصوبے ناکام بنانے والے اہلکاروں کو ایوارڈ دینے کا اعلان کیا۔
خبر کا کوڈ : 215242
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش