0
Sunday 2 Dec 2012 19:29

پنجاب کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کرے وفاق تعاون کرے گا، رحمن ملک

پنجاب کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کرے وفاق تعاون کرے گا، رحمن ملک
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے ضلع اوکاڑہ کے نواحی قصبے رینالہ خورد میں پاسپورٹ آفس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے موبائل سِم کو چلتا پھرتا بم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں ضرورت پڑی تو فوج بلائی جا سکتی ہے، پنجاب حکومت کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کرے تو وفاق تعاون کرے گا، ولی الرحمان، ملا نذیر اور حکیم اللہ محسود تینوں شدید زخمی ہیں۔ رحمان ملک نے کہا کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے، پولیس اور رینجرز کراچی میں بہتر طور پر اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں، تاہم اگر ضرورت محسوس کی گئی تو فوج کو بھی طلب کیا جا سکتا ہے، لیکن یہ فیصلہ صوبہ کو کرنا ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ موبائل سِم چلتا پھرتا بم ہے اب چھابڑی میں سمیں فروخت نہیں ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی سموں کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ دنیا میں سموں کے اجراء کا جو طریقہ کار ہے وہی پاکستان میں بھی لاگو ہو گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ محرم کے پہلے عشرے کے دوران موبائل سروس بند کیے جانے سے دہشت گردوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کا عزم رکھتے ہیں لیکن حکومت ان کی مذموم کوششیں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

کالا باغ ڈیم کے حوالے سے کیے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے قبل تمام صوبوں میں اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری ہے۔ کالا باغ ڈیم کے معاملے پر چاروں صوبوں کو مل بیٹھنا چاہئے، عدالتوں کا احترام کرتے ہیں تاہم وفاق کو بھی قائم رکھنا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اٹھاوریں ترمیم کے بعد امن وامان برقرار رکھنے کے اختیارات صوبوں کے پاس ہیں، ملک کو غیر مستحکم کرنے کیلئے کراچی اور کوئٹہ کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے وزارت داخلہ کا کوئی اسٹیپ سکریپ نہیں کیا، بائیو میٹرک مشینیں تین ماہ میں پاکستان آ جائیں گی۔
خبر کا کوڈ : 217234
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش