0
Friday 7 Dec 2012 09:58

انجمن ہلال احمر گلگت بلتستان ہمارا ایک اہم قومی اثاثہ ہے، پیر کرم علی شاہ

انجمن ہلال احمر گلگت بلتستان ہمارا ایک اہم قومی اثاثہ ہے، پیر کرم علی شاہ
اسلام ٹائمز۔ گورنر گلگت بلتستان سید پیر کرم علی شاہ نے کہا ہے کہ انجمن ہلال احمر گلگت بلتستان ہمارا ایک اہم قومی اثاثہ ہے جو صرف اور صرف دکھی انسانیت کی مدد کیلئے خدمت خلق کے جذبے کے تحت کام کر رہا ہے اور علاقائی سطح پر وقوع پذیر ہونے والے ہر قسم کے آفات و سانحات کے دوران مظلوم، محکموم اور آفت زدہ افراد کی اشک شوئی کررہا ہے، اس طرح کے مخدوم ادارے اور انسان ملک و قوم کے لئے کسی عظیم سرمایے سے کم نہیں ہے۔ گورنر پیر سید کرم علی شاہ نے انجمن ہلال احمر گلگت بلتستان کی منیجنگ کمیٹی و ایگزیکٹیو کمیٹی کے سالانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق ایک عبادت ہے اور آج کے اس دور میں بغیر کسی مالی معاونت کے خدمت خلق بھی ممکن نہیں ہوتی۔ اس لئے ہمیں فلاح انسانیت کے جذبے سے سرشار ادارہ انجمن ہلال احمر گلگت بلتستان کو درپیش مشکلات کے خاتمے کیلئے ادارے کی مالی معاونت کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ یہ ادارہ مزید مضبوط اور مستحکم انداز میں علاقے کی خدمت کرسکے۔

پیر کرم علی شاہ جو کہ ہلال احمر کے صدر بھی ہیں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت ہر ایک کی بس کی بات نہیں ہوتی لیکن ہلال احمر نے علاقائی سطح پر آنے والے قدرتی اور عارضی آفات کے دوران اپنے محدود وسائل کے باوجود آفت زدہ لوگوں کی امداد و بحالی کی کارروائیوں میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔ اس لئے ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم اس ادارے سے تعاون کریں جس کے لئے مقامی انتظامیہ کیساتھ ساتھ قراقرم کوآپریٹیو بینک اور نیٹکو کو اولین ترجیحات کے تحت ادارے کی داد رسی کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے تعلیمی اداروں، ہسپتالوں اور دیگر سرکاری و نیم سرکاری اداروں کو بھی اس کار خیر میں اپنا حصہ ضرور ڈالنا چاہیے۔ انہوں نے انجمن ہلال احمر گلگت بلتستان کی دفتری عمارت کی تعمیر کیلئے سرکاری اراضی الاٹ کرنے کے حوالے سے کہا کہ اس سلسلے میں انہوں نے سابق چیف سیکریٹری سیف اللہ چٹھہ کو ہدایت دی تھی لیکن انہوں نے اس معاملے میں آج کل کرکے دیر کردی تاہم آئندہ کیلئے ایسا نہیں ہوگا اور حکومت بہت جلد ہلال احمر کیلئے اراضی الاٹ کریگی۔
خبر کا کوڈ : 218758
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش