0
Friday 7 Dec 2012 21:35

مذہبی اور سیاسی انتہاپسندی نے ملک کو کمزور بنا دیا ہے،سید ریاض حسین شاہ

مذہبی اور سیاسی انتہاپسندی نے ملک کو کمزور بنا دیا ہے،سید ریاض حسین شاہ
اسلام ٹائمز۔ اتفاق مسجد لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ مسلمان قرآن اور صاحبِ قرآن سے اپنا تعلق مضبوط بنائیں،پاکستان میں مادرپدر آزاد مغربی تہذیب لانے کی سازش کی جا رہی ہے، ہم پاکستان کا اسلامی تشخص تباہ نہیں ہونے دیں گے اور اسلام کو دیس نکالا دینے کی ہر کوشش کی مزاحمت کریں گے،دنیا و آخرت کی کامیابی کے لیے اسوۂ حسنہ کی پیروی ضروری ہے، مسلمان فکر آخرت کو اپنے دلوں میں زندہ کریں، آج کا مسلمان دنیا میں کھو کر دین کو بھول چکا ہے۔

علامہ سید ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ بے برکتی اور عریانی و فحاشی کا سیلاب معاشرے کو تباہی کی طرف لے جا رہا ہے، جدید دور کے فتنوں کا مقابلہ کرنے کے لیے علماء اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے کہا کہ خطبہ حجتہ الوداع منشورِ انسانیت ہے،خطبہ حجتہ الودااع ہر گھر اور ہر دفتر میں آویزاں کیا جائے۔ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ ہم ناموسِ رسالت کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان عظمتِ رفتہ کی بحالی کے لیے نیکی اور خیر کے راستے کے مسافر بنیں اور علم و عمل کا راستہ اختیار کریں۔ سید ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ شخصیت پرستی کی بجائے نظریات پرستی کی روش اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فکری اور سیاسی دہشت گردی عملی دہشت گردی سے زیادہ خطرناک ہے، مذہبی اور سیاسی انتہاپسندی نے ملک کو کمزور بنا دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 218928
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش