0
Saturday 8 Dec 2012 11:43

مہاجر کارکنان و عوام کے قاتلوں کا سرپرست گورنر ہاﺅس سندھ میں بیٹھا ہے، آفاق احمد

مہاجر کارکنان و عوام کے قاتلوں کا سرپرست گورنر ہاﺅس سندھ میں بیٹھا ہے، آفاق احمد
اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے مقتول رہنماﺅں ظفر قائم خانی، علیم احمد خان اور عبدالقادر جیلانی کے قتل کے مقدمے کی ایس آئی یو منتقلی کی اطلاعات پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے اسے قانون و انصاف کے ساتھ ناقابل برداشت مذاق قرار دیا ہے۔ آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر رہنماﺅں کے قتل کی ایف آئی آر پہلی بار حقیقت پر مبنی اور چشم دید گواہوں کی موجودگی میں درج کی گئی تھی لیکن جس عجلت میں اندراج کے چوبیس گھنٹے کے اندر ہی اس مقدمے کو SIU منتقل کیا گیا وہ ناصرف حکومت اور پولیس کے موجودہ نظام کو بے نقاب کرنے کیلئے کافی ہے بلکہ امن پسند شہریوں کیلئے بھی کھلا پیغام ہے کہ وہ اپنے پیاروں کی سفاکانہ موت پر آنسو تو بہا سکتے ہیں لیکن انکے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا خیال تک دل میں نہیں لاسکتے۔

انہوں نے کہا کہ کارکنان و ہمدردوں کی مسلسل لاشیں اٹھانے کے باوجود اگر صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں تو اسکی وجہ صرف اتنی ہے کہ ہم شہر کا امن جو کہ پہلے ہی تباہ ہے مزید برباد نہیں کرنا چاہتے لیکن حکومت اور اسکے اتحادیوں کی حرکتیں دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انہیں امن کی زبان سمجھ نہیں آتی ہے بلکہ شائد ان کی خواہش ہے کہ انہی زبان میں جواب دیا جائے لیکن میں انہیں بتا دینا چاہتا ہوں کہ اگر میرے ساتھیوں کے ہاتھ سے صبر کا دامن چھوٹ گیا تو پھر دہشت گردوں کیلئے کراچی میں قدم رکھنا دوبھر ہوجائے گا۔

آفاق احمد نے کہا کہ جتنی تیزی مقدمے کی منتقلی میں دکھائی گئی اگر اتنی ہی توجہ قاتلوں کی گرفتاری پر دی جاتی تو مقدمہ منتقل کرنے کی ضرورت ہی نہیں پیش آتی لیکن جہاں گورنر ہاﺅس سازشوں کا گڑھ بن چکا ہو اور مہاجر کارکنان و عوام کے قاتلوں کا سرپرست گورنر ہاﺅس میں بیٹھا ہو وہاں انصاف کا خون ہی ہوگا۔

چیئرمین آفاق احمد نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوے کہا کہ مہاجر کارکنان کا خون رائیگاں جانے دیا جائے گا نہ مقدمے کی جانبدارانہ تحقیقات برداشت کی جائے گی اس لئے مقدمہ کی SIU منتقلی کی بجائے متعلقہ تھانے سے تحقیقات یقینی بنائی جائے، اگر حکومت نے اپنی روش نہ بدلی تو پھر ہم اپنی پالیسی تبدیل کرنے پر مجبور ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 219060
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش