0
Saturday 8 Dec 2012 21:00

سپریم کورٹ بھی کالا باغ ڈیم کے حق میں فیصلہ دے تو تسلیم نہیں کرینگے، اسفند یار ولی

سپریم کورٹ بھی کالا باغ ڈیم کے حق میں فیصلہ دے تو تسلیم نہیں کرینگے، اسفند یار ولی
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ پاکستان اور کالا باغ ڈیم ایک ساتھ نہیں چل سکتے، تین صوبے اسکی مخالفت کرچکے ہیں، اب اگر سپریم کورٹ بھی اس کے حق میں فیصلہ دے تو تسلیم نہیں کرینگے، اگر پنجاب اس میں اپنی ہٹ دھرمی ظاہر کرکے یہ بتانا چاہتا ہے کہ وہ وفاق کا کمانڈر ہے تو ہم ماضی میں کسی کمانڈر کے سامنے نہیں جھکے، آج بھی سر کٹا دینگے لیکن جھکیں گے نہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں منعقدہ ’’کالا باغ نامنظور‘‘ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر خان ہوتی، اے این پی کے سینیٹر اور سندھ کے صوبائی صدر شاہی سید، اے این پی کے صوبائی وزراء اور دیگر عہدیداروں بھی موجود تھے۔
 
وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی اور اے این پی کے قائد اسفند یار ولی سمیت تمام مقررین نے کالا باغ ڈیم کو دفن شدہ منصوبہ قرار دیتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ سے اس منصوبے پر کام شروع کئے جانے کے حکم کی شدید الفاظ میں مخالفت کی۔ اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ کا لاباغ ڈیم کے حوالے سے تین صوبے اپنا موقف دے چکے ہیں، اور اسے دفن کیا جاچکا ہے، اگر پنجاب اس پر اپنی ہٹ دھرمی ظاہر کرکے یہ بتانا چاہتا ہے کہ وہ وفاق کا کمانڈر ہے تو ہم ماضی میں کسی کمانڈر کے سامنے نہیں جھکے اور آج بھی سر کٹا دینگے لیکن متنازعہ مسئلے پر سپریم کورٹ بھی فیصلہ دے تو اسکی کسی طور حمایت نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت مذاق کا نہیں اب کمر باندھ کے میدان عمل میں اترنا ہے۔
 
اسفند یار والی نے آئندہ انتخابات اور اس حوالے سے اخبارات میں آنے والی خبروں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ سچ ہے کہ سیاست میں دروازے سب کے لئے کھلے رکھے ہوئے ہیں لیکن اے این پی کو ابھی کسی کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی اور نہ ہوگی، آئندہ انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر میدان میں اترینگے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جو کام ان پانچ سالوں میں ہم نے کرکے دکھایا ہے تاریخ میں اسکی کوئی مثال ہو تو سامنے لائی جائے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر خان ہوتی کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم مردہ گھوڑا ہے اور اسے دوبارہ زندہ کرنے والے پختون کو تباہ کرنا چاہتے ہیں جو کہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے اور اسے کامیاب نہیں ہونے دینگے۔
خبر کا کوڈ : 219286
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش