0
Thursday 13 Dec 2012 22:07

پاکستان میں دہشت گردی بھارت کروا رہا ہے،حافظ سعید

پاکستان میں دہشت گردی بھارت کروا رہا ہے،حافظ سعید
اسلام ٹائمز۔ مرکز القادسیہ چوبرجی میں اخبارات کے کالم نویسوں سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد سعید نے کہا کہ امریکہ دباؤ ڈال کر مسئلہ کشمیر کو پیچھے دھکیلنے کی کوششیں کر رہا ہے، بلوچستان سمیت پاکستان میں ہونے والی تخریب کاری اور دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے، وہ پاکستانی دریاؤں پر 62 غیر قانونی ڈیم تعمیر کر چکا ہے اور وطن عزیز پاکستان کو معاشی طور پر اپاہج بنانے کی کوششیں کر رہا ہے مگر انتہائی افسوسناک امر یہ ہے کہ حکمران ملکی و قومی مفادات کو مدنظر رکھنے کی بجائے محض بھارت و امریکہ کی خوشنودی کیلئے پاکستان کو انڈیا کی منڈی بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ سارے حقائق جو عوام الناس سے چھپائے جا رہے ہیں انہیں قوم کے سامنے لایا جائے، حکمران پارلیمنٹ کے ان کیمرہ اجلاسوں میں تو یہ تسلیم کرتے ہیں کہ ملک میں ہونے والی تخریب کاری اور دہشت گردی میں انڈیا ملوث ہے مگر ان میں اتنی جرأت نہیں کہ وہ اعلانیہ طور پر یہ باتیں کھل کر کہہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یکطرفہ دوستی کی پالیسیوں سے پاکستان کو کوئی فائدہ نہیں ہوا، بھارت سے تجارت کرنے سے پاکستان کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے، بھارت پاکستانی دریاؤں پر ڈیموں کی تعمیر مکمل کر کے جب چاہے سیلاب کی صورتحال پیدا کر کے زرعی زمینیں تباہ کرنے اور جب چاہے پانی روک کر خشک سالی کی صورتحال پیدا کرنے جیسے مذموم منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں نے گیارہ سال بہت بھگت لیا، ڈرون حملوں میں ہزاروں بے گناہ پاکستانیوں کو نشانہ بنایا گیا مگر اب ہم کچھ برداشت نہیں کریں گے، انڈیا کے کردار کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کیلئے ملک گیر تحریک چلائیں گے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ بھارت کو پسندیدہ ترین ملک کا درجہ دینے کے خلاف حکومت کو عوام سے رائے لینی چاہئے، دفاع پاکستان کے مسئلہ پر سب کو متحد ہونا چاہئے تھا مگر ایسا نہیں، یہ کسی ایک مذہبی یا سیاسی پارٹی کا مسئلہ نہیں، اس حوالہ سے میڈیا کو بھی بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے اور لوگوں میں شعور پیدا کرنا چاہیے، بھارت میں نابینا کرکٹ ٹیم کے کپتان ذیشان عباسی کے ساتھ جو سلوک کیا گیا اس پر میڈیا کی جانب سے وہ کردار ادا نہیں کیا گیا جو کرنا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل نے نیٹو سپلائی اور ڈرون حملوں کے خلاف ملک گیر تحریک چلائی مگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پارلیمنٹ میں صحیح معنوں میں کردار ادا نہیں کیا گیا جو کہ انتہائی تکلیف دہ امر ہے، 16 دسمبر کو انڈیا نے بین الاقوامی بارڈر کراس کر کے فوج کشی کی اور پاکستان دولخت ہوا اسی دن کی مناسبت سے دفاع پاکستان کونسل نے مسجد شہداء مال روڈ سے واہگہ تک دفاع پاکستان کارواں کے ذریعے دنیا کو مضبوط پیغام دیں گے کہ غیور پاکستانی قوم انڈیا کو پسندیدہ ترین ملک قرار دینے کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری حوالگی کا مطالبہ کوئی نیا نہیں، انڈیا کی طرف سے پہلے دیئے گئے ثبوتوں کو پاکستان کی اعلیٰ عدالتیں لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ مکمل طور پر مسترد کر چکی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 221045
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش