0
Tuesday 18 Dec 2012 10:39

صحافت معاشرے کی اصلاح کی آئینہ دار ہے، انجمن ہلال احمر گلگت بلتستان

صحافت معاشرے کی اصلاح کی آئینہ دار ہے، انجمن ہلال احمر گلگت بلتستان
اسلام ٹائمز۔ انجمن ہلال احمر گلگت بلتستان کے صوبائی سیکرٹری غلام عباس نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان قدرت اور انسان کی پیدا کردہ آفات کی زد میں واقع ایک ایسا خطہ ہے جہاں پر کسی بھی وقت آفات کے رونما ہونے کے شدید خطرات لاحق ہیں، ایسے میں ان حالات و واقعات کی کوریج کرنے والے صحافی بھی آفات کے خطرات سے محفوظ نہیں کیونکہ صحافی اپنے پیشہ وارانہ امور کی انجام دہی کے لئے ایسے حالات میں ہمیشہ صف اول میں کھڑے ہوتے ہیں اس کے لئے ان کی جانی و مالی تحفظ کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت میں انجمن ہلال احمر گلگت بلتستان اور بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس ICRC کے تعاون سے مقامی صافیوں کے لئے سہ روزہ ابتدائی طبی امداد کی تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے ان مخدوش حالات اور آفت زدہ علاقوں میں علاقے کے صحافی سخت مشکلات کے باوجود اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دے رہے ہیں اور علاقے کی تعمیر و ترقی میں صحافیوں کا بہت بڑا کردار ہے کیونکہ صحافت ریاست کے چوتھے ستون کے ساتھ ساتھ معاشرے کی اصلاح کی آئینہ دار بھی ہے۔ اس لئے اس مقدس پیشے سے وابسط افراد کو اپنی ذمہ داریوں کا احسان کرتے ہوئے علاقے میں امن و امان اور قانون سازی و دیگر شعبوں میں حکومت کو مفید مشورے اور تجاویز دیں تا کہ علاقہ تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ انجمن ہلال احمر گلگت بلتستان کو یہاں کے صحافیوں کو درپیش مشکلات اور چیلنجوں کا خاص ادراک ہے اس لئے ہماری کوشش ہے کہ قدرتی آفات اور دیگر حادثات کے دوران صحافیوں کا اپنی جانی و مالی تحفظ کرنے اور متاثرہ افراد کی امداد کرنے کے قابل بنا سکے۔

انہوں نے انجمن ہلال احمر گلگت بلتستان مختلف علاقوں میں چلنے والے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مثبت انداز میں اجاگر کرنے کے حوالے سے صحافیوں کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کسی علاقے کے صحافی انجمن ہلال احمر گلگت بلتستان کے ساتھ اس طرح تعاون جاری رکھیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گلگت یونین آف جرنلٹس کے صدر طارق حسین شاہ نے کہا کہ اس وقت پورے ملک کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان بھی صحافیوں کے حوالے سے خطرناک علاقہ بنتا جا رہا ہے اور یہاں کے صحافیوں کو پیشہ وارانہ امور کی انجام دہی کی راہ میں بہت مشکلات در پیش ہیں جن کے خاتمے کے لئے حکومت اور اس طرح کے امداری اداروں کو کردار اداکرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے انجمن ہلال احمر گلگت بلتستان کی طرف سے صحافیوں کے لئے ابتدائی طبی امداد کی تربیتی ورکشاپ کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے صحافت سے وابستہ افراد کے لئے مفید قرار دیا اور ورکشاپ کے انعقاد پر ادارے کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گلگت پریس کلب کے جنرل سیکرٹری شبیر احمد میر نے کہا کہ گلگت بلتستان نہ صرف قدرتی اور انسان کے پیدا کردہ آفات کے حوالے سے خطرے کی زد میں ہے بلکہ یہاں پر ماحولیات، سماجیات اور دیگر شعبوں کے حوالے سے بھی شدید خطرات موجود ہیں ایسے میں عوام الناس میں شعور و آگاہی کے لئے اس قسم کے تربیتی ورکشاپ میں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ تقریب سے سینئر صحافی نزاکت علی نے اپنے خطاب میں انجمن ہلال احمر گلگت بلتستان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے اسے علاقے کی تعمیر و ترقی کے لئے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ قبل ازیں انجمن ہلال احمر گلگت بلتستان کے میڈیا اینڈ کمیونیکیشن آفیسر صفدر علی صفدر نے اس تربیتی ورکشاپ کے اغراض و مقاصد اور فوائد سے شرکاء کو آگاہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 222337
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش