0
Thursday 20 Dec 2012 21:32

بھارت کو پسندیدہ قرار دینے پر دفاع پاکستان کونسل جمعہ کو یوم احتجاج منائے گی

بھارت کو پسندیدہ قرار دینے پر دفاع پاکستان کونسل جمعہ کو یوم احتجاج منائے گی
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعۃالدعوۃحافظ سعید کی زیر امارت مرکز القادسیہ چوبرجی میں ایک اجلاس ہوا جس میں بھارت کو پسندیدہ ترین ملک کا درجہ دینے کے خلاف ملک گیر تحریک تیز کرنے اور 21 دسمبر کو پورے ملک میں یوم احتجاج منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما حافظ عبدالسلام بن محمد، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ،حافظ سیف اللہ منصور، مولانا مبشر احمد ربانی، مولانا سیف اللہ خالد، قاری محمد یعقوب شیخ، محمد یحییٰ مجاہد، حافظ خالد ولید و دیگر رہنما شریک ہوئے۔

حافظ سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو سپلائی بحالی اور ڈرون حملوں کی طرح بھارت کو پسندیدہ ترین ملک کا درجہ دینے کے خلاف بھی ملک کے کونے کونے میں جا کر قوم کو متحد وبیدار کریں گے اور اس حوالہ سے بھرپور تحریک چلائی جائے گی، 21 دسمبر جمعۃ المبارک کو لاہور، اسلام آباد، ملتان، کراچی، حیدرآباد، سکھر اور پشاور سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور جلسوں و کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا، لاہور میں پریس کلب کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

انہوں نے علماء کرام اور دینی جماعتوں کے قائدین سے اپیل کی کہ وہ بھارت و امریکہ کی اسلام و پاکستان کیخلاف سازشوں کو خطبات جمعہ کا موضوع بنائیں اور عوام الناس کو اس حوالہ سے مکمل طور پر آگاہ کریں۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر آج تک بھارت پاکستان کیلئے پسندیدہ نہیں ناپسندیدہ ترین ملک رہا ہے اور ہمیشہ رہے گا، ہندو بنئے نے پاکستان کو ایک آزاد اور خودمختار ملک کے طور پر کبھی دل سے تسلیم نہیں کیا جہاں ایک طرف اس نے جونا گڑھ، حیدر آباد اور مناوادر پر قبضہ کر کے لاکھوں مسلمانوں کو شہید کیا اور مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر کے آٹھ لاکھ فوج داخل کی اور باوردی دہشت گردی کا ارتکاب کیا وہاں اس نے پاکستان کی سرحدوں کا بھی ہمیشہ تقدس پامال کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہی وہ بھارت ہے جس نے مکتی باہنی کو کھڑا کر کے وطن عزیز کو دو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کا قبیح جرم کیا ایسے دہشت گرد ملک کو کسی صورت پسندیدہ ترین ملک قرار نہیں دیا جا سکتا، حکمران قوم کے جذبات کا خیال رکھیں اور پاکستان کے ہاتھ پاؤں باندھ کر بھارت کے آگے پھینکنے کی سازشیں نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے کوئی فیصلہ کرنا ہی ہے تو بابری مسجد کی پھر سے تعمیر، کشمیری و بھارتی مسلمانوں کو آزادی دلوانے اور پاکستانی دریاؤں پر سے بھارتی قبضہ ختم کرنے کا کریں جب تک قوم کے یہ مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے بھارت کبھی پاکستانیوں کیلئے پسندیدہ ترین ملک نہیں ہو سکتا۔
خبر کا کوڈ : 223236
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش