0
Sunday 23 Dec 2012 10:44

1947ء میں قیادت اگر درست فیصلے کرتی تو کشمیر آزاد ہو چکا ہوتا، سردار سکندر

1947ء میں قیادت اگر درست فیصلے کرتی تو کشمیر آزاد ہو چکا ہوتا، سردار سکندر
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نواز پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر سردار سکندر حیات نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں میرٹ کی پامالی اور کرپشن سے تمام ادارے مفلوج ہو چکے ہیں۔ وزراء اور مشیروں کا لائو لشکر قومی خزانے پر بھاری بوجھ ہے۔ گرینڈ الائنس باغ کی میرٹ، کرپشن، لوٹ مار کے خلاف جدوجہد قابل تحسین ہے۔ مسلم لیگ نواز اسمبلی کے اندر اور عوامی سطح پر نظام کی بہتری کے لیے کردار ادا کرے گی۔ جماعت اسلامی کی دینی خدمات قابل قدر ہیں۔ مسلم لیگ نواز اور جماعت اسلامی مل کر میرٹ کے قیام، عدل و انصاف کی حکمرانی کے لیے مشترکہ جدوجہد کریں تو اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز امیر جماعت اسلامی ضلع باغ اور گرینڈ الائنس باغ کے ترجمان نثار شائق سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ جنہوں نے گذشتہ روز کھنہ ہائوس میں ان سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ 

سردار سکندر نے کہا کہ بدقسمتی سے آر پار کشمیریوں کو صحیح قیادت نہ ملنے سے آزادی کی منزل دور ہوتی چلی گئی۔ 1947ء میں قیادت اگر درست فیصلے کرتی تو کشمیر آزاد ہو چکا ہوتا اس وقت بھی سازش کی گئی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی قیادت مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ذمہ دارانہ طرز عمل کا مظاہرہ کرے۔ انھوں نے کہا کہ آج کی لیڈر شپ ماضی کے سیاسی رہنمائوں کے مقابلے میں بہت پیچھے ہے۔ 

اس موقع سردار سکندر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اتنی بڑی تعداد میں وزراء، مشیروں کو بھرتی کر رکھا ہے کہ بمشکل ان کے اخراجات ہی پورے ہو رہے ہیں۔ میرٹ نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی۔ کرپشن، لوٹ مار، میرٹ کی پامالی کا دور دورہ ہے۔ باغ کی اپوزیشن جماعتوں نے میرٹ کی پامالی، اقرباپروری اور لوٹ مار کے خلاف گرینڈ الائنس تشکیل دے کر اچھا قدم اٹھایا ہے۔ مسلم لیگ نواز میرٹ کی پامالی اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف اسمبلی میں اور عوامی سطح پر بھرپور کردار ادا کرے گی اور حکمرانوں کا قبلہ درست کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 223998
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش