0
Friday 28 Dec 2012 10:47

گلگت میں بے نظیر بھٹو کی برسی نہایت عقیدت کے ساتھ منائی گئی

گلگت میں  بے نظیر بھٹو کی برسی نہایت عقیدت کے ساتھ منائی گئی
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر کی طرح گلگت میں بھی شہید بے نظیر بھٹو کی برسی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس سلسلے میں پی پی پی کے صوبائی سیکریٹریٹ میں ایک تعزیتی پروگرام منعقد ہوا، جس میں شہید بی بی کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ تعزیتی پروگرام کے دوران گلگت بلتستان کونسل کے ممبر امجد حسین ایڈوکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن تجدید وفا کا دن ہے، ہم نے شہید قائدین کے مشن کو لے کر آگے چلنا ہے اور آخری دم تک انتہاء پسندی کے خلاف سینہ سپر رہتے ہوئے پی پی پی کے وژن کے لئے ہمہ وقت اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کی داستان قربانیوں سے بھری پڑی ہے اگر اس جماعت کا کسی اور کے ساتھ جائزہ لیں تو صاف فرق نظر آتا ہے اور پی پی پی کے خلاف باتیں کرنی والی جماعتوں کی ماضی پر نظر ڈالیں تو پتہ چلتا ہے کہ صرف ایک آمر کا سامنا نہ کرکے 20 سال کے لئے معاہدے کرکے دوسرے ملک چلے جاتے ہیں۔

گلگت بلتستان کونسل کے ممبر نے کہا کہ آج پاکستان میں لبرل جماعتوں کا انتہاء پسند جماعتوں کے ساتھ سخت مقابلہ ہے، لبرل جماعتیں جو کہ دائیں بازو کے نظریات کی جماعتیں ہیں ملک کی فلاح و بہبود، ترقی، حقوق اور عوامی اختیارات کے لئے جدوجہد کررہی ہیں جبکہ انتہاء پسند جماعتیں جو کہ بائیں بازو کے نظریات والی جماعتیں بھی کہلاتی ہیں صرف اور صرف اسلحے اور طاقت کی بنیاد پر اپنے نظریات مسلط کرنا چاہتی ہیں، اس ملک میں ایسی نظریات کا مقابلہ کرنے والی صرف ایک ہی جماعت ہے اور وہ پی پی پی ہے۔ امجد حسین ایڈوکیٹ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس عوامی خدمت اور ملک کے استحکام کا منشور ہے جب بھی یہ عوامی جماعت اقتدار میں آتی ہے تو مختلف قسم کی سازشیں کی جاتی ہیں اور حکومت کے خلاف بدنیتی کی باتیں کی جاتی ہیں مگر اللہ کے فضل و کرم سے موجودہ حکومت نے اپنے پانچ سال مکمل کرلئے۔

امجد حسین ایڈوکیٹ نے کہا کہ تحریک طالبان نے ن لیگ اور تحریک انصاف پر حملے نہیں کئے ہیں کیونکہ وہ انہی جماعتوں کے ہی لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی طرح گلگت میں بھی دو نظریات کا تصادم ہے بائیں نظریات کی جماعت غریبوں کا خون کرنے اور جان لینے والی جماعت ہے جبکہ دائیں نظریات کی جماعت ملک دشمن عناصر کے خلاف نبرد آزما ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کی حکومت نے گلگت بلتستان کے لئے ایک صوبائی سیٹ دیا ہے مگر انتہاء پسند جماعتیں جو کہ بائیں نظریات کی جماعتیں ہیں پیکج کے خلاف سازشوں میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم معاشرے کے قیام امن کے لئے سرگرم ہیں، انشاء للہ ہمیں اپنے مشن سے کوئی بھی نہیں ہٹا سکتا ہے، ہم اس خطے کو امن کا گہوارہ بنا کر دم لینگے۔
خبر کا کوڈ : 225617
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش