0
Tuesday 1 Jan 2013 20:18

کراچی، عائشہ منزل کے قریب ایم کیو ایم کے جلسے کے شرکاء کی بسوں پر بم دھماکہ، 4 ہلاک، 40 زخمی

کراچی، عائشہ منزل کے قریب ایم کیو ایم کے جلسے کے شرکاء کی بسوں پر بم دھماکہ، 4 ہلاک، 40 زخمی
اسلام ٹائمز۔ کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں سی این جی اسٹیشن پر کھڑی کوچ میں دھماکے سے 4 ہلاک جبکہ 40 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے سے قریب کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکے سے 6 بسوں اور 4 موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیمیں، ریسکیو اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا تاہم ٹریفک کے رش کے باعث دھماکے میں زخمی افراد کو طبی امداد کے لئے ہسپتال پہنچانے کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب ایم کیو ایم کے جناح گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے کے شرکاء واپس جارہے تھے۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی۔

ترجمان سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ بم ایک موٹر سائیکل پر نصب تھا، بم دھماکے کے زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال، جناح اسپتال، عباسی شہید اور دیگر قریب واقع اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ اسپتالوں میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے اور تمام عملے کو طلب کرلیا گیا ہے۔ ابھی تک کسی نے بھی اس بم دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ واضح رہے کہ آج ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے متصل جناح گراؤنڈ میں ایک جلسہ بنام ’’ سفر انقلاب ‘‘ منعقد کیا گیا تھا جس سے علامہ ڈاکٹر طاہر القادری اور الطاف حسین نے خطاب کیا۔ اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 227175
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش