0
Monday 7 Jan 2013 00:11

اسلامی انقلاب کیلئے ہم الطاف حسین کے ساتھ ہیں، قاری اللہ داد

اسلامی انقلاب کیلئے ہم الطاف حسین کے ساتھ ہیں، قاری اللہ داد
اسلام ٹائمز۔ تنظیم العلماء پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری قاری اللہ داد کی سربراہی میں علمائے کرام اور قاری حضرات پر مشتمل ایک 25 رکنی وفد نے متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو عزیزآباد پر رابطہ کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین وسیم آفتاب، رضا ہارون، واسع جلیل، کیف الواریٰ، ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان، ایم کیو ایم علماء کمیٹی کے انچارج جاوید احمد اور رکن سندھ اسمبلی عبدالرؤف صدیقی موجود تھے جبکہ وفد میں تنظیم العلماء پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری علامہ حافظ احمد ارباب، علامہ ملک سجاد احمد، مفتی محمد یوسف، مولانا محمد مدثر تھانوی اور مفتی محمد اسحاق کے علاوہ دیگر بھی شامل تھے۔ تنظیم العلماء پاکستان کا وفد جب نائن زیرو پہنچا تو کارکنان نے ان کا شاندار استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے قاری اللہ داد کو الطاف حسین کی جانب سے گلدستہ پیش کیا اور انہیں نائن زیرو آمد پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہا۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، سماجی، معاشی، امن و امان اور موجودہ صورتحال کے علاوہ باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد نائن زیرو کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے قاری اللہ داد نے کہا کہ الطاف حسین دین اسلام کیلئے اپنے آپ کو وقف کر رہے ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ کامیابی ان کے قدم چومے گی، اسلامی انقلاب کیلئے ہم الطاف حسین کے ساتھ ہیں اور اگر ہم سب نے الطاف حسین کے ہاتھ مضبوط کرنا ہیں تو ہمیں ایک صف میں کھڑا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حق و صداقت کیلئے میری جماعت کا پسینہ ہی نہیں خون بھی حاضر ہے میں الطاف حسین سے اظہار تشکر کیلئے نائن زیرو آیا ہوں اور نائن زیرو پر ہماری جس طرح قدر کی گئی ہے یہ قدر درحقیقت علم اور سلام کی محبت ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ایم کیو ایم کے ایمان، عزت اور جان و مال میں اضافہ فرمائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حق کی شمع کسی بھی شکل میں کوئی بھی شخص لیکر آئے تو اس کا ساتھ دینا ایمان کا تقاضہ ہے اور اسلام کے نفاذ کیلئے کوئی بھی جدوجہد کرے تو بحیثیت مسلمان اس کا ہمیں ساتھ دینا چاہئے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو لانگ مارچ میں نہیں جارہے ہیں یہ سوال ان سے پوچھئے گا ہم اپنے دوستوں کو ہدایت جاری کردیں گے اور انشاء اللہ شامل ہوں گے اس عمل میں تولا یانہیں جاتا بلکہ خلوص کو دیکھا جاتا ہے۔

رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم آفتاب نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام اور مدارس کے طلباء سے الطاف حسین کا جو محبت اور عقیدت کا رشتہ ہے یہ احترام کا رشتہ پاکستان کیلئے مثبت ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی کوشش ہے کہ کسی طرح ملک کو ترقی یافتہ اور قوم کو عظیم قوم بنایا جائے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب تمام طبقات آپس میں مل جائیں۔ انہوں نے کہا کہ قاری اللہ داد کی نائن زیرو آمد علمائے کرام اور مدارس کے طلباء سے الطاف حسین کے عقیدت و محبت کے رشتہ کا ثبوت ہے اور آج قاری اللہ داد جیسی معزز اور قابل احترام ہستیاں الطاف حسین سے محبت کا اظہار کر رہی ہیں اور ان رابطوں، ملاقاتوں اور مشوروں سے ہمارا رشتہ مضبوط اور محترک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی جو بھی صلاحتیں ہیں وہ پاکستان اور اسلام کیلئے ہیں اور جس طرح علمائے حق الطاف حسین سے تعاون کر رہے ہیں وہ اس بات کی غمازی ہے کہ پاکستان کی بھنور میں پھنسی کشتی کو اگر کوئی نکال سکتا ہے تو وہ شخصیت الطاف حسین ہیں۔
خبر کا کوڈ : 228740
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش