0
Monday 14 Jan 2013 12:44

بلوچستان حکومت معزول، لاہور میں جاری دھرنے ختم کر دیئے گئے

بلوچستان حکومت معزول، لاہور میں جاری دھرنے ختم کر دیئے گئے
اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ میں دھرنے دینے والے مظاہرین کے مطالبات پورے ہونے پر لاہور میں دیئے جانے والے تمام دھرنے بھی ختم کر دیئے گئے۔ لاہور میں دھرنے کا مرکزی اجتماع مال روڈ پر گورنر ہاؤس کے باہر تھا جہاں ہزاروں کی تعداد میں مومین، خواتین، بچے،  بزرگ اور نوجوان شریک تھے۔ دھرنے کے شرکاء تین دن سے سخت سردی میں سانحہ کوئٹہ کے خلاف احتجاجاً مال روڈ پر موجود تھے اور ان کا مطالبہ تھا کہ بلوچستان میں گورنر راج نافذ کر کے رئیسانی حکومت کو معزول کیا جائے اور کوئٹہ میں فوجی آپریشن کیا جائے۔

وفاقی حکومت نے پورے ملک میں ہونے والے اس احتجاجی دھرنے کے سلسلہ کے پیش نظر فوری طور پر ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا۔ صدر زرداری جو اس وقت کراچی میں موجود ہیں نے وزیراعظم کو فوری طور پر کوئٹہ پہنچنے کی ہدایت کی تھی اور گورنر سے بات چیت کے بعد اب بلوچستان میں گورنر راج نافذ کر کے ملت تشیع کے مطالبات تسلیم کر لئے گئے ہیں۔ جس کی بنا پر لاہور میں مال روڈ، جی ٹی روڈ پر امامیہ کالونی اور ٹھوکر نیاز بیگ چوک میں جاری تینوں دھرنوں کو ختم کر دیا گیا ہے۔

دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ ہمارا یہ دھرنا وقتی طور پر ختم ہوا ہے، اگر ہمارے کسی فرد کو آئندہ ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا، ملت تشیع کے خلاف کوئی جارحیت کا مرتکب ہوا تو پھر اسی طرح پورے ملک کا نظام جام کر دیا جائے گا۔ انہوں نے پاکستان بار کونسل اور آل پاکستان انجمن تاجران کو بھی اپنی ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی جنہوں نے مجلس وحدت مسلمین سے اظہار یک جہتی کے لئے آج ہڑتال کر رکھی تھی۔
خبر کا کوڈ : 231061
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش