0
Sunday 20 Jan 2013 18:31

مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دینا ہے، حافظ سلمان بٹ

مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دینا ہے، حافظ سلمان بٹ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی حافظ سلمان بٹ نے کہا ہے کہ غیر جمہوری قوتوں کا راستہ روکنے، جمہوریت کے تحفظ اور فوری انتخابات کے اعلان کیلئے اپو زیشن جماعتوں کا متفق ہونا خوش آئند اور نیک شگون ہے۔ رینٹل پاور وزیر اعظم کے خلاف سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین و قانون کے مطابق ہے وزیر اعظم کو ازخود گرفتاری دی دینی چاہئے۔ کرپٹ لوگوں کا دور گزر چکا ہے۔ عدلیہ میڈیا آزاد ہے عوام بیدار ہو چکے ہیں۔ جماعت اسلامی اپنے انتخابی نشان اور اپنے جھنڈے پر انتخابات میں حصہ لے گی۔ ان خیالات کا اظہاراُنہوں نے ملتان میڈیا سنٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل رائو ظفر اقبال، ضلعی امیر میاں آصف محمود اخوانی، ضلعی سیکرٹری جنرل عارف محمود سمرا بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ 

سلمان بٹ نے مزید کہا کہ فوری طور پر اپو زیشن جماعتوں کی مشاورت سے غیر جانبدار نگران حکومت تشکیل دی جائے اور الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔ الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات کرانے کے انتظامات کرے اگر انتخابات میں تاخیر کی گئی تو ہر چوک تحریر چوک بنا دینگے۔ کسی غیر جمہوری قوت کو انتخابات پر شب خون نہیں مارنے دینگے۔ عوام آئندہ انتخابات میں کرپٹ، لٹیرے، بددیانت حکمرانوں سے لوٹی ہوئی دولت کی ایک ایک پائی واپس لے کر قومی خزانے میں جمع کروائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیب فوری طور پر وزیر اعظم سمیت تمام ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے والوں کو بھارت نے سرحدوں پر کشیدگی پیداکرکے اور ہاکی ٹیم کو واپس بھیج کر جواب دے دیا ہے۔ 

اُنہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینا پاکستان کے قومی اور اصولی موقف سے انحراف اور آزادی کیلئے جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کرنا ہے۔ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ جماعت اسلامی 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منائے گی۔ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی کا حل اسلام کے عادلانہ ومنصفانہ نظام کے نفاذ اور اسلامی معیشت کے قیام میں ہے۔ جماعت اسلامی بے روزگاروں کو روزگار فراہم کرے گی۔ مہنگائی کا خاتمہ اور سادگی کو رواج دے گی۔ علاج کی مفت سہولت فراہم کریگی۔ ہر ایک کو انصاف ملے گا۔
خبر کا کوڈ : 232984
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش