0
Monday 21 Jan 2013 17:08

بھارتی وزیراعظم کی پاکستان کے بارے میں الزام تراشیاں ''چور مچائے شور'' کے مترادف ہیں، لیاقت بلوچ

بھارتی وزیراعظم کی پاکستان کے بارے میں الزام تراشیاں
اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کی پاکستان کے بارے میں الزام تراشیاں ''چور مچائے شور''کے مترادف ہیں۔ کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی اور جارحانہ رویہ سے خطے کا امن خطرہ میں پڑ گیاہے اور دوسری جانب بھارتی آرمی چیف اور بھارتی وزیراعظم دنیا کے سامنے جھوٹ بول رہے ہیں۔ جماعت اسلامی منصورہ سے جاری بیان کے مطابق لیاقت بلوچ کاکہناتھاکہ بھارت نے 65 سال سے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھاہے۔ ہزاروں کشمیریوں کو شہید اور اتنی ہی تعداد میں مظلوم کشمیریوں کو جیلوں اور عقوبت خانوں میں قید و بند کررکھاہے۔ بھارتی فوج اور اس کے ریاستی اداروں نے انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔
 
سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس میں بھارتی فوج کے حاضر کرنل پروہت نے متعدد پاکستانیوں کو زندہ جلا دیا لیکن بھارت کی ہٹ دھرمی اور ڈھٹائی دیکھئے کہ اس کا الزام بھی پاکستان پر لگایا گیا لیکن آزادانہ تحقیقات نے بھارت کے بھیانک چہرے کو بے نقاب کر دیا۔ یہ بھارت ہی ہے جو آبی جارحیت کر کے پاکستان کے حصے میں آنے والے دریائوں پر ناجائز ڈیم، بیراج اور بند تعمیر کر رہاہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم پاکستان پر بلاوجہ الزام تراشی کر رہے ہیں جبکہ ہماری حکومت بھارت کو موسٹ فیورٹ نیشن کا درجہ دینے کے لیے بے تاب ہے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور بھارت کو موسٹ فیورٹ نیشن کا درجہ دینے کا اقدام سرے سے ہی ختم کر دیں۔
 
انہو ں نے کہاکہ بھارت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کو غیر مستحکم کر رہاہے۔ پاک افغان سرحد پر بھارت کے قائم قونصل خانے دہشتگردوں کے تربیتی اڈے ہیں۔ بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے، اس سے تجارت کرنے اور امن کی آشا کے گیت گانے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ بھارت کبھی بھی پاکستان کا دوست نہیں ہوسکتا اس کے آگے جتنی لچک دکھائی جائے گی وہ اتنا سرچڑھے گا۔ اسے اپنے آپ میں رکھنے کے لیے اسی کی زبان میں جواب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت سے ہر قسم کے تجارتی تعلقات فی الفور ختم کیے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 233207
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش