0
Tuesday 22 Jan 2013 13:20

ووٹر لسٹوں کی تصدیق میں فوج کو شامل نہ کرنے پر احتجاجی کیمپ لگائیں گے، سیاسی و مذہبی جماعتیں

ووٹر لسٹوں کی تصدیق میں فوج کو شامل نہ کرنے پر احتجاجی کیمپ لگائیں گے، سیاسی و مذہبی جماعتیں
اسلام ٹائمز۔ سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے فوج کے بغیر انتخابی فہرستوں کی تصدیق کے عمل کو سپریم کورٹ کے احکامات کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بدھ 23 جنوری کو دن ایک بجے الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاجی کیمپ لگایا جائے گا۔ اس بات کا اعلان دفتر جماعت اسلامی کراچی ادارہ نور حق میں امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی کی قیادت میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما سلیم ضیاء، جماعت اسلامی کراچی کے نائب امراء برجیس احمد، راجہ عارف سلطان، تحریک انصاف کے سید حفیظ الدین، جمعیت علمائے پاکستان کے محمد مستقیم نورانی، جمعیت علمائے اسلام (س) مولانا غلام مصطفی فاروقی، پی ڈی پی کے بشارت مرزا، عوامی تحریک کے مظہر راہوجہ، سنی تحریک کے مطلوب اعوان، مسلم لیگ شیر بنگال کے ڈاکٹر صالح ظہور، ڈاکٹر علاؤ الدین اور دیگر نے شرکت کی۔

رہنماؤں نے ووٹر لسٹوں کی تصدیق کے عمل پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی فہرستوں میں جس بڑے پیمانے پر بے قاعدگی اور بے ضابطگی ہوئی تھی اس کے خلاف تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں نے بھرپور آواز بلند کی پھر سپریم کورٹ سے رجوع کیا جس پر عدالت نے فوج کی نگرانی میں انتخابی فہرستوں کودرست کرنے کا فیصلہ سنایا مگر اب فہرستوں کی تیاری میں پھر وہی کچھ ہورہا ہے جو پہلے ہوا تھا جس کی وجہ سے خدشہ پیدا ہوگیا ہے کہ ایک بار پھر انتخابی فہرستیں درست نہ ہوسکیں گی۔ اس صورتحال پر حکومت مکمل طورپر خاموش ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے انتخابی فہرستوں کی درستی میں فوج کو شامل کرنے کا حکم اس لئے دیا تھا تاکہ فہرستوں میں بے قاعدگی نہ ہو اور شفاف فہرستیں تیار ہوں مگر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ فوج کو بھی بدنام کرنے کی سازش کی جارہی ہے اور کھلے عام سپریم کورٹ کے فیصلے کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ بدھ 23 جنوری کو سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاجی کیمپ لگائیں گے، یہ کیمپ دن ایک بجے سے شام چار بجے تک جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 233465
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش