0
Thursday 24 Jan 2013 10:10

یوم یکجہتی کشمیر، دفاع پاکستان کونسل کا 5 فروری کو لاہور میں یکجہتی کشمیر کاررواں، جلسہ عام کا اعلان

یوم یکجہتی کشمیر، دفاع پاکستان کونسل کا 5 فروری کو لاہور میں یکجہتی کشمیر کاررواں، جلسہ عام کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ دفاع پاکستان کونسل 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر نیلا گنبد سے مسجد شہداء مال روڈ تک یکجہتی کشمیر کاررواں نکالے گی، جس کے اختتام پر ایک بڑے جلسہ عام کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ 4 فروری کو مظفر آباد میں قومی سیمینار جبکہ ملک بھر کے دیگر شہروں میں بھی یکجہتی کشمیر کاررواں، جلسوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ لاہور میں ہونے والے یکجہتی کشمیر کاررواں سے دفاع پاکستان کونسل سمیت ملک بھر کی مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔ 

دفاع پاکستان کونسل کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر منانے کے حوالہ سے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ اس سلسلہ میں صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں ہونے والے پروگراموں میں تعلیمی اداروں کے طلبا، وکلا، تاجروں اور صنعتکاروں سمیت تمام تر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔
 
اسلام ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے دفاع پاکستان کونسل اور جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پورے ملک میں ہونے والے پروگراموں سے پوری دنیا کو پیغام دیا جائے گا کہ کشمیری مسلمان اکیلے نہیں ہیں، پوری پاکستانی قوم ان کی پشت پر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی مجبوریاں ہو سکتی ہیں، ہماری کوئی مجبوری نہیں ہے۔ مظلوم کشمیریوں کی مدد کرنا اپنا شرعی فریضہ سمجھتے ہیں اور ہم ان شاء اللہ اپنا یہ فرض ادا کرتے رہیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ بھارت خطہ میں امن چاہتا ہے تو مقبوضہ کشمیر پر سے غاصبانہ قبضہ ختم کرے، اپنی 8 لاکھ فوج کشمیر سے نکالے اور مظلوم کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خود ارادیت دے ورنہ اسے یاد رکھنا چاہیے کہ مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں اس کا آخری سہارا بھی بکھر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں بدترین شکست سے دوچار امریکہ کے اس خطہ سے نکلنے کے بعد بھارت نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں نہیں ٹھہر سکے گا، بلکہ اسے خود اپنا وجود برقرار رکھنا بھی مشکل ہو جائے گا۔ 

مولانا امیر حمزہ نے کہا کہ بھارت تحریک آزادی کشمیر کچلنے کیلئے ظلم و جبر کے سبھی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، ہزاروں کشمیری نوجوان جنہیں بھارتی فوج نے گرفتار کر کے لاپتہ قرار دیا ان کو شہید کر کے اجتماعی قبروں میں دفن کیا جار ہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی لاشوں کے انبار لگا رہا ہے، لیکن اسے یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ طاقت و قوت کے بل بوتے پر مظلوم کشمیریوں کو زیادہ دیر تک غلام بنا کر نہیں رکھا جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی کو پوری دنیا پر بے نقاب کرے اور اس حوالہ سے کسی قسم کی مصلحت پسندی کا مظاہرہ نہ کیا جائے ۔
خبر کا کوڈ : 234149
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش