0
Wednesday 23 Jan 2013 18:19

امریکہ بھارت میں دہشتگردی کیمپوں پر بھی ڈرون حملے کرے، صاحبزادہ فضل کریم

امریکہ بھارت میں دہشتگردی کیمپوں پر بھی ڈرون حملے کرے، صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عید میلادالنبی (ص) کے جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے ٹھوس اقدامات کریں، امریکہ بھارت میں دہشت گردی کے کیمپوں پر ڈرون حملے کیوں نہیں کرتا، بلوچستان میں علمائے اہلسنّت کی ٹارگٹ کلنگ افسوسناک اور قابل مذمت ہے، دہشت گردی کے بڑھتے واقعات نے کراچی کو مقتل بنا دیا ہے، کراچی کا امن و سکون برباد کرنے والے شرپسند اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز ریاستی طاقت استعمال کی جائے، تاکہ کراچی کے شہریوں کو بدامنی کے عذاب سے نجات مل سکے۔ اسلام آباد سے لاہور پہنچنے پر مرکزی دفتر میں پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو مکمل خودمختار ادارے کی حیثیت دی جائے اور پارلیمنٹ کی انتخابی اصلاحات کی سفارشات کو قانونی شکل دینے کے لیے اقدامات کئے جائیں، سرکاری بھرتیوں اور ترقیاتی فنڈز کے استعمال پر پابندی شفاف الیکشن کی جانب مثبت قدم ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ قانون بڑے اور طاقتور لوگوں کا کچھ نہیں بگاڑ پاتا، حکمران اشرافیہ صرف اس قانون کو مانتی ہے جو غریبوں پر لاگو ہوتا ہے اور اس قانون کو نہیں مانتی جو ان پر لاگو ہو۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام سے عوام کی اکتاہٹ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے، سنی اتحاد کونسل دہشت گردی کے خلاف اے این پی کی آل پارٹیز کانفرنس کا خیرمقدم کرتی ہے، اس کانفرنس کا انعقاد ایک مثبت اقدام ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ مسلم حکمران استعماری طاقتوں کے مقابلہ کے لیے مصطفائی ورلڈ آرڈر کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی لینڈ مافیا، ڈرگ مافیا اور بھتہ خوروں کے نرغے میں ہے، تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں کراچی میں قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مطالبہ کیاکہ بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہونے والے پیر میاں عبدالباقی اور مولانا امیر احمد کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے اور بلوچستان میں علمائے اہلسنّت کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل 12 ربیع الاوّل کو ملک بھر میں عید میلادالنبی (ص) کے جلوس نکالے گی اور تمام چھوٹے بڑے شہروں میں میلادالنبی (ص) کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی، حکومت عید میلادالنبی (ص) کے موقع پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کرے اور 12 ربیع الاوّل کیساتھ 11 ربیع الاوّل کی بھی چھٹی کا اعلان کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 233938
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش