0
Saturday 9 Feb 2013 18:28

پاکستان کو بین الاقوامی سامراج کی آماجگاہ بنانے پر حکومت کو کوئی افسوس نہیں، غنویٰ بھٹو

پاکستان کو بین الاقوامی سامراج کی آماجگاہ بنانے پر حکومت کو کوئی افسوس نہیں، غنویٰ بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کراچی میں ہونے والے معصوم افراد کے قتل عام پر اپنے گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرصہ دراز سے کراچی میں نادیدہ قوتوں نے موت کا بازار گرم کیا ہوا ہے لیکن حکومت وقت کے پاس دہشتگردوں کو قانون کی گرفت میں لانے کیلئے نہ تو کوئی سنجیدگی ہے اور نہ ہی حکمت عملی اور ایسے وقت میں صوبائی حکومت کی جانب سے شہریوں کو اپنی حفاظت خود کرنے کی تلقین کو حکومت وقت کی ناکامی کا اعتراف تصور کر لینا چاہئے۔ ستر کلفٹن سے جاری ہونے والے ایک بیان میں غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ کراچی جو ملکی معیشت کی شہہ رگ اور سندھ کے دارالخلافہ کے علاوہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کا بھی مرکز ہے لیکن موجودہ دور حکومت میں کراچی میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ملکی معیشت اور بین الاقوامی سرمایہ کاری پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں جو ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے نقصان دہ ثابت ہو رہے ہیں۔
 
غنویٰ بھٹو نے کہا کہ ملک کو بین الاقوامی سامراجی قوتوں کی آماجگاہ بنانے کے حکومتی فیصلے کی وجہ سے ملک باالخصوص کراچی میں جاری قتل عام کے ذمہ دار حکمران اور ان کے اتحادی موجودہ سنگین صورتحال پر شرمندہ اور پریشان ہونے کی بجائے اگلی حکومت بنانے کی حکمت عملی ترتیب دینے کی سازشوں میں مصروف ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ غنویٰ بھٹو نے اپنے بیان کے آخر میں تمام محب وطن ترقی پسند اور جمہوریت پسند قوتوں پر زور دیا ہے کہ وہ عوامی قوت پر یقین کامل رکھتے ہوئے سامراجی قوتوں اور ان کے حواریوں کو شکست فاش سے ہمکنار کریں اور اصول پسند اور نظریاتی سیاست کے ذریعے متحد و منظم ہو کر جدوجہد کریں تاکہ حقیقی عوامی راج کا قیام عمل میں لایا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 238318
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش