0
Monday 11 Feb 2013 03:18
کسی بھی مسلم ملک میں ایران جیسی جمہوریت نہیں

امام خمینی (رہ) کے ویژن کو اپناکر ہی پاکستان کو امریکی خونیں پنجوں سے آزادی دلائی جاسکتی ہے، علامہ امین شہیدی

امام خمینی (رہ) کے ویژن کو اپناکر ہی پاکستان کو امریکی خونیں پنجوں سے آزادی دلائی جاسکتی ہے، علامہ امین شہیدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکی خونیں پنجوں سے آزادی امام خمینی (رہ) کے ویژن کو اپنا کر ہی دلائی جاسکتی ہے۔ کسی بھی مسلم ملک میں ایران جیسی جمہوریت نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انقلاب اسلامی ایران کی 34ویں سالگرہ کے موقع پر خانہ فرہنگ ایران پشاور کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امام خمینی (رہ) محمد عربی (ص) کا پیغام لیکر آئے اور ظلم کی زنجیروں میں جکڑی انسانیت کو آزاد کرایا۔ امام خمینی (رہ) نے وہی کام کیا جو رسول کریم (ص) سے سیکھا تھا۔ امام خمینی (رہ) کے پاس کوئی ٹینک، فوج یا دولت نہیں تھی، صرف ایمان کی طاقت تھی، جس کے ذریعے انہوں نے اسلامی انقلاب برپا کیا۔ انقلاب اسلامی ایران کو امریکی پنجوں سے آزاد کرایا اور عوام کو احساس غلامی سے آزادی دلائی۔
 
ان کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں جمہوریت میں دوہرے معیار نہیں بلکہ تہرے معیار نظر آتے ہیں، لیکن جیسی جمہوریت ایران میں ہے ایسی کسی مسلم ملک میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنا ہر ’’بلیک‘‘ کام ’’وائٹ‘‘ کرلیتا ہے، جہاں اس کے اپنے مفادات کو نقصان پہنچتا ہے تو وہ نیٹو کا سہارا لیکر وہاں آجاتا ہے اور قوموں کو تہس نہس کر دیتا ہے۔ مظلوم لوگوں کی حمایت کا نعرہ بلند کرتا ہے اور اپنے مفادات حاصل کرلیتا ہے، لیکن اسے بھوک سے بلکتے لوگ نظر نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا پہلا اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے، لیکن آج پاکستان پوری طرح سے امریکی پنجوں میں جکڑا ہوا ہے۔ جب تک ہم امام خمینی (رہ) کے ویژن کو نہیں اپنائیں گے، بیرونی دشمن کو نہیں پہچانیں گے، ہم حقیقی آزادی حاصل نہیں کرسکتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ملکر جدوجہد کرنا ہوگی اور وطن عزیز کو امریکہ کے خونیں پنجوں سے آزاد کرانا ہوگا، اور یہ امام خمینی (رہ) کے ویژن کو اپنانے سے ہی ممکن ہے۔
خبر کا کوڈ : 238748
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش